• news

کامران فیصل کے کرائم سین اور قبر کشائی سیمپلز کی رپورٹ تیار کر لی گئی

اسلام آباد (این این آئی) پنجاب فورنزک لیبارٹری نے کامران فیصل کے کرائم سین اور قبر کشائی سیمپلز کی رپورٹ تیار کر لی ہے، رپورٹ کے مطابق تاحال کامران فیصل کو قتل کئے جانے کے کوئی شواہد نہیں ملے ہیں۔ نجی ٹی وی کے مطابق پنجاب فورنزک لیبارٹری کی چار رکنی ٹیم نے گزشتہ روز فیڈرل لاجز میں کامران فیصل کے کمرے کا تفصیلی معائنہ کرنے کے بعد اپنی رپورٹ تیار کر لی ہے جو آئندہ چوبیس گھنٹوں میں ایس پی سٹی اسلام آباد کے حوالے کردی جائے گی، ایس پی سٹی رپورٹ آئی جی کے حوالے کریں گے جو اسے سپریم کورٹ میں پیش کریں گے، رپورٹ میں قبر کشائی سے لئے جانے والے سیمپلز کو کلیئر قرار دیدیا گیا ہے اور بتایا گیا ہے کہ سیمپلز میں زہریلے مواد کا کوئی عنصر نہیں پایا گیا۔کرائم سین سے کسی اور شخص کے فنگر پرنٹس بھی نہیں ملے اور کپڑے، بیڈ، گلاس اور کمرے میں دیگر اشیا پر صرف کامران فیصل کے فنگر پرنٹس ہیں۔ رپورٹ کے مطابق کرائم سین پر کامران فیصل کے روم میٹ ساجد کے علاوہ کسی کا کوئی کاغذ موجود نہیں تاہم کامران فیصل کے گلے میں موجود رسی پر فنگر پرنٹس کی تحقیقات جاری ہیں اگر یہ فنگر پرنٹس بھی کامران فیصل ہی کے ثابت ہوئے تو ثابت ہو جائے گا کہ ان کا قتل نہیں کیا گیا۔ 

ای پیپر-دی نیشن