سیاسی تناﺅ کی وجہ سے سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال نہیں ہو رہا: موڈیز
اسلام آباد (آئی اےن پی) پاکستان میں آئندہ عام انتخابات سے قبل سیاسی تناو بڑھ رہا ہے، موڈیز انویسٹرز سروسز کے مطابق اس کشیدگی سے سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال نہیں ہو پا رہا۔ موڈیز انوسٹرز سروسز نے اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ الیکشن سے پہلے پاکستان کے مختلف اداروں کے درمیان تعلقات میں کشیدگی آئی ہے۔ ملک کی بیرونی مالی امداد بھی سیاسی حالات کے باعث رکی ہوئی ہے، سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال نہیں ہو رہا اور معاشی چیلنجز کا مقابلہ کرنے کی پالیسیاں بننے میں مشکلات کا سامنا ہے۔ موڈیز کے مطابق توانائی بحران کے باعث پاکستانی معیشت گراوٹ کا شکار ہے۔ ادارے کا کہنا ہے کہ پاکستانی حکومت پر قرضے کا بوجھ بڑھنے سے ملک میں مہنگائی میں اضافہ ہورہا ہے۔ موڈیز نے سیاسی اور معاشی حالات کے باعث پاکستان کی ریٹنگ سی اے اے ون پر برقرار رکھی ہے۔