کشیدگی کے باوجود تجارتی مذاکرات معطل نہیں کئے جائینگے: بھارتی وزارت خارجہ
اسلام آباد (اے پی اے) بھارت نے کہا ہے کہ سرحدوں پر کشیدگی کے باوجود پاکستان کے ساتھ تجارتی مذاکرات معطل نہیں کئے جائیں گے۔ بھارتی وزارت خارجہ نے وزارت تجارت کو بتایا ہے کہ پاکستان کے ساتھ تجارتی عمل آگے بڑھانے اور مذاکرات جاری رکھنے میں کوئی قباحت نہیں اگرچہ پاکستان نے بھارت کو تجارت کے لئے پسندیدہ ملک کا درجہ نہیں دیا ہے۔ ادویہ، زرعی، آٹو موبائل اور ٹیکسٹائل سمیت ایک ہزار دو سو نو اشیا کی تجارت پر اب بھی پابندیاں عائد ہیں لیکن دونوں ملکوں کے درمیان تجارتی روابط بحال رہنا چاہئیں۔ ادھر پاکستانی وزارت تجارت کا کہنا ہے کہ بھارتی وزیراعظم من موہن سنگھ کے بیانات سے تجارتی عمل کی حوصلہ شکنی ہوئی۔ واضح رہے اپریل سے دسمبر 2012ءتک پاکستان کے لئے بھارتی برآمد سولہ فیصد اضافے سے ایک ارب اکتیس کروڑ ڈالر ریکارڈ کی گئی۔