• news

اے این پی کا گھر گھر ووٹر تصدیقی عمل پر عدم اعتماد کا اظہار

کراچی (سٹاف رپورٹر) عوامی نیشنل پارٹی سندھ کے ترجمان نے سیکرٹری الیکشن کمشن کی جانب سے کراچی میں ہر پولنگ سٹیشن پر فوج کی تعیناتی اور ووٹرز کے فنگر پرنٹس کو نادرا کے ریکارڈ سے میچ کر نے کے فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ ضرورت اس امر کی ہے کہ فوج کو اختیار ات کے ساتھ تعینات کیا جائے تاکہ شہری آزادانہ اور پر امن ماحول میں اپنی مرضی سے ووٹ دے سکیں۔ شفاف انتخابات الیکشن کمیشن کے بنیادی فرائض میں شامل ہے۔ کراچی میں شفاف انتخابات ہی شہر میں دیرپا امن کی بنیادی کنجی ہے۔ الیکشن کمیشن کو کراچی میں صاف و شفاف انتخابات کے لیے ٹھوس فیصلے کرنا ہوں گے ایسے فیصلے کرنا ہوں گے جو تمام سیاسی جماعتوں کو قابل قبول ہوں۔ سپریم کورٹ کے احکامات کی روشنی میں کراچی کی ازسر نو منصفانہ حلقہ بندیوں کروائی جائیں۔ ترجمان نے کہا ہے کہ اب بھی سیاسی جماعت کے دفاتر میں ووٹرز لسٹوں کی تصدیق کی جارہی ہے۔ صرف زبانی جمع خرچ سے کام چلانے اور نمائشی اقدامات کے ذریعے عوام کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کا سلسلہ جاری ہے۔

ای پیپر-دی نیشن