• news

الیکشن کمشن کی تشکیل نو کا فیصلہ عدالت کریگی: قمر کائرہ

اسلام آباد (اے پی پی) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات قمر زمان کائرہ نے کہا ہے کہ سیاسی اختلافات میں کوئی بات حرف آخر نہیں ہوتی‘ سیاست میں مذاکرات کے دروازے بند نہیں کئے جاتے‘ تحریک منہاج القرآن مذہبی جماعت ہے سیاسی نہیں‘ تحریک انصاف اور طاہر القادری نے اپنا وجود ثابت کیا ہے‘ آمریت کے دور میں سیاسی قائدین کو گھروں سے باہر نہیں نکلنے دیا جاتا‘ صوبہ پنجاب میں مسلم لیگ (ن) کی حکومت تھی‘ انہوں نے طاہر القادری کو کیوں نہیں روکا، الیکشن کمیشن کی تشکیل نو کا فیصلہ عدالت کرے گی۔ نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ طاہر القادری سے مذاکرات انسانی اور اخلاقی بنیادوں پر کئے اگر حکومت سخت ردعمل کا مظاہرہ کرتی تو حالات مختلف ہو سکتے تھے‘ پیپلز پارٹی کی قیادت میں مخلوط حکومت نے طاہر القادری سے مذاکرات کئے‘ ان کا کوئی غیر آئینی مطالبہ تسلیم نہیں کیا گیا‘ ہم نے کنٹینر میں مذاکرات کے دوران واضح مو¿قف اختیار کیا تھا کہ چیف الیکشن کمشنر کو ہٹایا نہیں جا سکتا‘ لاہور میں بھی طاہر القادری سے ملاقات کے دوران ہم نے اسی مو¿قف کو دہرایا۔ طاہر القادری کو چیف الیکشن کمشنر پر کوئی اعتراض نہیں بلکہ وہ الیکشن کمیشن آف پاکستان کے ممبران کی تبدیلی کا مطالبہ کر رہے ہیں۔ تحریک انصاف اور طاہر القادری کی بات سننے میں کوئی حرج نہیں‘ اسے سازش قرار دینا درست نہیں۔ وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات قمر زمان کائرہ نے کہا ہے اسلام علامتی نہیں بلکہ ایک عملی نظام زندگی ہے، ہمارا دین متنوع ہے اور دوسروں سے حسن سلوک سکھاتا ہے اور جینے کا حق نہیں چھینتا، نبی اکرم کی تعلیمات اور ان کی سیرت طیبہ ثبوت ہے اسلام تلوار سے نہیں پھیلا، دین نے بچیوں کی تعلیم کا حکم دیا ہے، بچیوں کے سکول گرانے اور گلے کاٹنے والے کس دین پر کاربند ہیں۔ وہ کل پاکستان مقابلہ نعت کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے جس کا اہتمام ریڈیو پاکستان اور پاکستان ٹیلی ویژن نے مشترکہ طور پر کیا تھا۔ اسلامی نظریاتی کونسل کے رکن علامہ طاہر اشرفی نے بھی خطاب کیا جبکہ ڈائریکٹر جنرل ریڈیو پاکستان مرتضیٰ سولنگی بھی اس موقع پر موجود تھے۔ وزیر اطلاعات نے کہا آپ کی غلامی کا اصل مطلب یہ ہے ہم آپ کی سیرت طیبہ پر عمل کریں اور آپ کے نقش قدم پر چلیں۔ اسلام انقلاب کا نام ہے، عرب دنیا میں اسلامی ریاست کی بنیاد رکھنا رسول پاک کا سب سے بڑا معجزہ ہے جس نے صدیوں کا سفر چند سالوں میں طے کیا۔ اب مذہبی رہنماﺅں کی ذمہ داری ہے وہ اسلام کی صحیح ترجمانی کریں۔ وزیر اطلاعات نے کہا نبی پاک نے الفاظ کو اپنی تبلیغ کا ہتھیار بنایا، تعلیم کا حصول ہر مسلمان مرد اور عورت پر فرض قرار دیا گیا۔ بم دھماکے کرنے والے اسلام کی کوئی خدمت نہیں کر رہے۔ جو لوگ بچیوں کے سکولوں کو گراتے اور گلے کاٹتے ہیں یہ کون سے دین کے پیروکار ہیں۔ وزیر اطلاعات نے محفل نعت کے اہتمام پر منتظمین کی کاوشوں کو سراہا اور اس میں حصہ لینے اور انعام حاصل کرنے والے بچے اور بچیوں کو مبارکباد دی اور نقد انعامات، شیلڈز اور تلاوت قرآن پاک، حمد و نعت کی سی ڈیز بھی دئیے جبکہ اول انعام حاصل کرنے والوں کو سید عبدالرحمن ویلفئیر فاﺅنڈیشن کی طرف سے گولڈ میڈل دئیے گئے۔ 

ای پیپر-دی نیشن