ویمنز کرکٹ ورلڈ کپ: سپر سکس مرحلہ‘ آسٹریلیا‘ ویسٹ انڈیز‘ نیوزی لینڈ نے میچ جیت لئے
ممبئی (نیوز ایجنسیاں/سپورٹس ڈیسک) آئی سی سی ویمنز ورلڈکپ کے سپر سکس مرحلے میں نیوزی لینڈ نے سری لنکا، آسٹریلیا نے انگلینڈ اور ویسٹ انڈیزنے جنوبی افریقہ کو ہرا دیا۔ نیوزی لینڈ ویمن نے سری لنکا ویمن کو 8 وکٹوں سے ہرا دیا۔ سری لنکا نے 103 رنز بنائے، دلانی سرنگیکا 34 رنز کے ساتھ ٹاپ سکورر رہیں۔ لی تاہوہو نے چار اور سین رک نے تین وکٹیں حاصل کیں۔ نیوزی لینڈ ویمن نے ہدف 23 اوورز میں 2 وکٹوں پر حاصل کر لیا۔ فرینسس میک کائے 39 اور کپتان سوزی بیٹس 37 رنز کے ساتھ نمایاں رہیں۔ آسٹریلیا نے دفاعی چیمپئن انگلینڈ کو 2 رنز سے ہرا دیا۔ آسٹریلیا ویمن نے 147 رنز بنائے، سیرا کوئٹ 44 اور لیسا ستھیلیکر 41 رنز کے ساتھ نمایاں رہیں۔ اینا شربسول نے تین وکٹیں حاصل کیں۔ انگلینڈ کی ٹیم مطلوبہ ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی اور 47.3 اوورز میں 145 رنز بناکر آﺅٹ ہوگئی، لیڈا گرین وے 49 رنز کے ساتھ ٹاپ سکورر رہیں۔ ہولی فرلنگ نے تین کھلاڑیوں کو آﺅٹ کیا۔ ویسٹ انڈیز ویمن نے جنوبی افریقہ ویمن کو 2 وکٹوں سے ہرایا۔ جنوبی افریقہ نے 7 وکٹوں کے نقصان پر 230 رنز بنائے، تریشا چیٹی 45 اور کیری زیلڈا 44 رنز کے ساتھ نمایاں رہیں۔ جواب میں ویسٹ انڈیز نے ہدف 45.3 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔ سٹیفنی ٹیلر نے 75 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی۔ آج آرام کا دن ہے۔ دوسرا مرحلہ کل اور پرسوں کھیلا جائیگا۔