• news

سپانسر‘ فرنچائزر کے مہلت مانگنے پر پاکستان سپر لیگ ملتوی

لاہور (سپورٹس رپورٹر) پاکستان کرکٹ بورڈ نے وفاقی وزیر داخلہ رحمان ملک کے ساتھ مشاورت کے بعد پہلی پاکستان سپر لیگ کو ملتوی کر دیا ہے۔ لیگ کے انعقاد کی نئی تاریخوں کا اعلان بعد میں کیا جائیگا۔ پاکستان سپر لیگ 26 مارچ سے 7 اپریل تک منعقد ہونا تھی جس کے لوگو کی تقریب رونمائی کی تقریب بھی گذشتہ ماہ لاہور میں ہوئی تھی جس میں اعلان کیا گیا تھا کہ پی ایس ایل کا انعقاد اپنے مقررہ وقت پر ہی ہوگا تاہم ایسا نہ ہو سکا۔ ذرائع کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین چودھری ذکاءاشرف نے گذشتہ روز اسلام آباد میں وفاقی وزیر داخلہ رحمان ملک سے ملاقات کی جس میں سیکورٹی اور غیر ملکی کھلاڑیوں کی پاکستان سپر لیگ میں دلچسپی کے بارے میں آگاہ کیا گیا اور باہمی مشاورت کے بعد یہ طے پایا کہ پی ایس ایل کو غیر معینہ مدت تک کے لیے ملتوی کر دیا جائے ۔ پی سی بی نے پاکستان سپر لیگ میں حصہ لینے والے کھلاڑیوں کےلئے 10 کروڑ ڈالر کی خطیر رقم مختص کر رکھی تھی۔ پی ایس ایل انتظامیہ کی جانب سے لیگ میں حصہ لینے والے کھلاڑیوں کے لئے پانچ کیٹگریز جن کو ڈائمنڈ، پلاٹینم، گولڈ، سلور اور ایمرجنگ پلیئرز میں تقسیم کر رکھا ہے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ نے لیگ کو کامیاب بنانے کے لئے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے سابق چیف ایگزیکٹو ہارون لورگٹ، سلمان سرور بٹ سمیت کئی آفیشلز کی بھاری معاوضوں پر خدمات حاصل کر رکھی ہیں۔ پی سی بی اعلامیہ میں بتایا گیا کہ سپر لیگ کے شیڈول میں تبدیلی کا فیصلہ سپانسرز اور فرنچائزز کی جانب سے مزید مہلت مانگنے پر کیا گیا ہے۔ پی ایس ایل کے ایم ڈی سلمان سرور بٹ کا کہنا ہے کہ جب سے بورڈ کی جانب سے پی ایس ایل کے انعقاد کا اعلان کیا گیا ہے۔ فرنچائزر، براڈ کاسٹرز، سپانسرز کی جانب سے گہری دلچسپی ظاہر کی جا رہی ہے، 80 غیرملکی کھلاڑی بھی پہلے سے پی ایس ایل کے ساتھ معاہدہ کر چکے ہیں جبکہ اس کے علاوہ کوچز، امپائرز اور میچ ریفریز بھی پی ایس ایل کے ساتھ معاہدے کر چکے ہیں۔ لیگ کےلئے 15 نامور فرنچائزز اور 10 بڑے براڈ کاسٹرز کے علاوہ بڑی تعداد میں بزنس کمیونٹی کی جانب سے بولی میں حصہ لینے کے لیے کاغذات حاصل کر رکھے ہیں۔ بہت سارے انویسٹرز کی اپیل ہے کہ انہیں مزید ٹائم دیا جائے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ اور پی ایس ایل انتظامیہ کے درمیان طے ہوا کہ سٹیک ہولرز کو مزید ٹائم دیا جائے تاکہ وہ لیگ کے لئے اپنی پوری تیاری مکمل کر سکیں۔ 

ای پیپر-دی نیشن