وکلا جوڈیشل کمشن میں اپنے نمائندے دوبارہ بھجوائیں: جسٹس عمر عطا بندیال
لاہور (وقائع نگار خصوصی) چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس عمر عطا بندیال نے کہا ہے کہ وکلا اپنی آئینی ذمہ داری پوری کرتے ہوئے جوڈیشل کمشن میں اپنے نمائندے دوبارہ بھجوائیں تاکہ اعلیٰ عدلیہ میں ججز کی تقرریاں ہو سکیں، ملک میں قانون کی حکمرانی کےلئے اپنی جان کی قربانیاں دیں جس کو پوری دنیا تسلیم کرتی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روز لاہور ہائیکورٹ بار کے کراچی شہداءہال میں دہلی ہائیکورٹ بار کے صدر کے اعزاز میں منعقد کی جانیوالی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ جسٹس عمر عطا بندیال نے کہاکہ وکلا آئین اور قانون کے محافظ ہیں، آئین کی مضبوطی کےلئے وکلا اپنا بھرپور کردار ادا کررہے ہیں، بار ایسوسی ایشنز کے نمائندے جوڈیشل کمشن کے اجلاس میں اپنی شرکت کو یقینی بنائیں، بار اور بنچ ایک دوسرے کےلئے لازم ملزوم ہیں۔ وکلاءتحریک نے عوام کو ان کے حقوق کے متعلق شعور دیا اور عدلیہ کو بحال کروایا۔ وکلاءکے تعاون سے پنجاب کے 8 اضلاع میں پرانے زیر التواءمقدمات مکمل نمٹا دیئے گئے ہیں۔ دہلی ہائیکورٹ بار کے صدر امرجیت سنگھ نے کہا کہ اگر بھارت اور پاکستانی وکلا اکٹھا ہو جائیں تو عالمی عدالت انصاف میں پاکستانی اور بھارتی وکلا جج ہوں گے۔ تقریب میں ہائیکورت کے ججز، بار کے نمائندون اور وکلاءکی بڑی تعداد نے شرکت کی۔