تربیت : سیکورٹی فورسز کے قافلے پر حملہ‘ دو اہلکار جاں بحق‘ چار زخمی
کوئٹہ (بیورو رپورٹ) تربت کے علاقے مند میں سکیورٹی فورسز کے کانوائے پر نامعلوم افراد کی فائرنگ سے 2 سکیورٹی اہلکار جاںبحق جبکہ 4 شدید زخمی ہو گئے۔ اے سی مند بادل دشتی نے بتایا مند کے علاقے شند میں نامعلوم افراد نے سکیورٹی فورسز کے کانوائے پر چھوٹے اور بھاری ہتھیاروں سے اندھا دھند فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں 2 سپاہی محمد اسحاق اور آزاد خان جاںبحق جبکہ 4 اہلکار شدید زخمی ہو گئے۔ سکیورٹی فورسز کی جوابی کارروائی کے بعد ملزمان فرار ہو گئے۔ بادل دشتی نے بتایا واقعہ کے بعد مقامی انتظامیہ اور فرنٹیئر کور کے عملے نے علاقے کو گھیرے میں لیکر ملزمان کی تلاش شروع کر دی ہے جبکہ سردار تاج محمد گمشادزئی اپنے محافظوں کے ہمراہ تفتان میں جا رہے تھے جیسے ہی ان کی گاڑی تفتان میں کلی سٹیشن کے قریب واقع ریلوے پھاٹک پر پہنچی تو وہاں پر پہلے سے گھات لگائے بیٹھے ہوئے نامعلوم افراد نے ان پر اندھا دھند فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں سردار تاج محمد گمشادزئی اور ان کے محافظ عبدالمالک، جہانگیر، محمد اور عبدالغنی زخمی ہو گئے جنہیں فوری طور پر ہسپتال پہنچایا گیا جہاں پر سردار تاج محمدگمشادزئی اور ان کے محافظ عبدالمالک چل بسے۔ اسسٹنٹ کمشنر سید مرید شاہ نے بتایا واقعہ دیرینہ رنجش کا شاخسانہ ہے۔ ڈیرہ بگٹی کے علاقے میں فرنٹیئر کور کے عملے نے تخریب کاری کی کوشش ناکام بنا دی۔ فرنٹیئر کور کے عملے نے موقع پر پہنچ کر 5 کلوگرام وزنی دھماکہ خیز مواد اور ایک ٹائم ڈیوائس قبضے میں لے لی تاہم کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی جبکہ ڈیرہ بگٹی کے علاقے میں لیویز نے ایک شخص کی نعش قبضے میں لے لی۔