• news

ینگ ڈاکٹرز کی بھوک ہڑتال جاری، کل میٹرو بس روٹ پر جمع ہونے کا اعلان


لاہور + گوجرانوالہ (نیوز رپورٹر + نمائندہ خصوصی) ایم ایس ڈسٹرکٹ ہسپتال گوجرانوالہ کو تشدد کا نشانہ بنانے والے وائے ڈی اے کے ضلعی صدر سمیت 7 ینگ ڈاکٹرز کو ہائیکورٹ سے ضمانت کی منظوری پر سنٹرل جیل گوجرانوالہ سے رہا کر دیا گیا ہے۔ دوسری جانب لاہور ینگ ڈاکٹرز کا بھوک ہڑتالی کیمپ جاری رہا، ینگ ڈاکٹرز نے وزیراعلی کو مطالبات پیش کرنے کیلئے کل میٹرو بس روٹ پر جمع ہونے کا اعلان کیا ہے۔ ادھر محکمہ صحت پنجاب نے طویل عرصے سے غیر حاضر 90 ڈاکٹر برطرف کر دئیے ہیں۔ گوجرانوالہ سنٹرل جیل سے ڈاکٹر کاشف بلال ڈاکٹرز کاشف بشیر، احتشام، فراست، وقاص، طاہر اور عبداللہ ضیا کی رہائی کے موقع پر ان کے عزیز و اقارب نے ڈاکٹروں پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کرکے ان کا استقبال کیا۔ اس موقع پر ضلعی صدر ڈاکٹر کاشف بلال نے ایک ماہ بعد پریس کانفرنس کا اعلان کرتے ہوئے میڈیا سے گفتگو کئے بغیر وہاں سے روانہ ہو گئے۔ لاہور میں ینگ ڈاکٹرز نے مسلسل پانچویں روز بھوک ہڑتالی کیمپ جاری رکھا ‘ نڈھال ہونےوالے ڈاکٹروں کو سروسز ہسپتال کی ایمر جنسی میں طبی امداد دی گئی۔ ینگ ڈاکٹرز نے غوث اعظم روڈ پر نماز جمعہ ادا کی جس سے ٹریفک کا نظام معطل رہا ‘جمعہ کے روز بھی سیاسی جماعتوں کے نمائندے اور ملک بھر سے ڈاکٹرز ساتھیوں سے اظہار یکجہتی کےلئے کیمپ میں پہنچے۔ ملتان میں بھی ینگ ڈاکٹرز نے مطالبات کے حق میں تیسرے روز بھی بھوک ہڑتالی کیمپ لگایا۔ قبل ازیں ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن نے وزیر اعلیٰ پنجاب کو مطالبات پیش کرنے کیلئے 10 فروری کو میٹرو بس منصوبے کے روٹ پر جمع ہونے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ حکومت سرکاری ہسپتالوں میں مریضوں کو مفت ادویات اور ٹیسٹوں کی سہولت اور خراب مشینری کی مرمت کےلئے فنڈز جاری کر دے احتجاج ختم کر دیں گے۔ ینگ ڈاکٹرز کے نمائندوں ملک جاوید آہیر‘ ناصر عباس کاظمی‘ ڈاکٹر عامر بندیشہ نے دیگر کے ہمراہ بھوک ہڑتالی کیمپ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کے پاس وقت نہیں ہوتا اور آج کل وہ ویسے بھی میٹرو بس منصوبے کےلئے انتہائی مصروف ہیں اس لئے ہم اپنی گزارشات پیش کرنے کے لئے 10فروری کو میٹرو بس منصوبے کے روٹ پر جمع ہوں گے اور پنجاب بھر سے ینگ ڈاکٹر لاہور پہنچیںگے۔

ای پیپر-دی نیشن