پرسوں سے انڈسٹری اور سی این جی سیکٹر کی 2 روزہ گیس بحال ہو جائے گی
لاہور (آئی اےن پی) ایم ڈی سوئی ناردرن عارف حمید نے کہا ہے کہ موسم کی صورتحال بہتر ہو رہی ہے، 11 فروری سے فیصل آباد اور دیگر ریجنوں میں انڈسٹری کیساتھ سی این جی بھی 2 روز کے لئے بحال کر دی جائے گی، گیس بحران کی وجہ اضافی پونے 3 لاکھ گھریلو کنکشن اور گذشتہ برس کے مقابلے میں ڈیمانڈ میں 312 ملین کیوبک فٹ روزانہ کا اضافہ سوئی، ساون، زمزمہ اور قادر پور گیس فیلڈز سے پوری سپلائی نہ آنا ہے، لوڈ مینجمنٹ کمیٹیاں روزانہ کی بنیاد پر شہروں کو گیس سپلائی کا فیصلہ کرتی ہیں۔ ان خیالات کا اظہار ایم ڈی سوئی ناردرن عارف حمید نے پریس کانفرنس سے خطاب میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہماری پہلی ترجیح گھریلو صارفین ہیں تاہم زیادہ ریونیو انڈسٹری اور سی این جی سے ملتا ہے۔ سوئی ناردرن کو روزانہ 1850 ملین کیوبک فٹ گیس ملتی ہے جس میں سے 1600 سسٹم میں آتی ہے 200 بلین کیوبک فٹ براہ راست پاور اور فرٹیلائزر سیکٹر کو بھیج دی جاتی ہے۔ کم سپلائی کے باوجود گھریلو صارفین کو زیادہ متاثر نہیں ہونے دیا۔ لاہور میں تو موسم ٹھیک ہے مگر اسلام آباد اور دیگر جگہوں پر اب بھی گیزر اور ہیٹرز کا استعمال جاری ہے۔ ایران سے ملنے والی ایک ارب کیوبک فٹ گیس میں سے 65 فیصد سوئی ناردرن اور 35 فیصد سوئی سدرن کو ملے گی۔