افغانستان:غیرملکی فورسز نے 2008ءسے اب تک 100 بچوں کو قتل کیا: اقوام متحدہ
نیویارک (اے پی پی)اقوام متحدہ نے کہا ہے کہ افغانستان میں غیر ملکی فورسز کے ہاتھوں 100 سے زائد بچے ہلاک ہو چکے ہیں‘قیدی بچوں کے ساتھ زیادتی کی شکایات مل رہی ہیں۔ گذشتہ روز ذرائع ابلاغ کے مطابق اقوام متحدہ نے افغانستان میں بچوں کے حوالے سے اپنی تازہ رپورٹ میں کہا ہے کہ 2008ءسے اب تک افغانستان میں نیٹو فورسز کے آپریشنز اور دیگر کارروائیوں کے دوران 100 سے زائد بچے ہلاک ہوچکے ہیں جبکہ 200 سے زائد بچے ابھی تک قید میں ہیں۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ قیدی بچوں کے ساتھ توہین آمیز رویہ اختیار کیا جاتا ہے اور ان کے ساتھ جنسی زیادتی کی بھی شکایات ملی ہیں۔ اقوام متحدہ نے اپنی رپورٹ میں مزید کہا ہے کہ 2010ءاور 2011ءکے دوران بچوں کی ہلاکتوں میں دگنا اضافہ ہوا۔ اقوام متحدہ کی کمیٹی برائے بچوں کے حقوق نے امریکی حکومت سے کہا گیا ہے کہ افغانستان میں بچوں کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے۔ قیدی بچوں کےساتھ ہونےوالی زیادتیوں کو روکنے کیلئے اقدامات کئے جائیں۔