شاہ رُخ جتوئی کی عمر 19سال سے زیادہ ہے، میڈیکل بورڈ کا متفقہ فیصلہ
کراچی (وقائع نگار)کراچی شاہ زیب قتل کیس کے مرکزی ملزم شاہ رخ جتوئی کی عمر کے تعین کے لئے سندھ ہائیکورٹ کے حکم پر تشکیل دےئے گئے میڈیکل بورڈ نے رپورٹ تیار کر لی ہے جسے پیر کو عدالت میں پیش کیا جائے گا۔ شاہ زیب قتل کیس کے مرکزی ملزم شاہ رخ جتوئی کی تاریخ پیدائش 27 نومبر1993، عمر19سال سے زیادہ ہے۔ تفتیشی افسر نے برتھ سرٹیفکیٹ اور تعلیمی اسناد بھی میڈیکل بورڈ کو دے دیں۔ سندھ سروسز ہسپتال کے سول سرجن ڈاکٹر محمد توفیق کا کہنا ہے میڈیکل بورڈ نے شاہ رخ جتوئی کی عمر کا تعین متفقہ طور پر کیا ہے۔ شاہ رخ کی میڈیکل رپورٹ سیل کردی ہے اور اُسے پیر کو عدالت میں پیش کیا جائے گا۔کچھ روز پہلے میڈیکل بورڈ نے شاہ رخ جتوئی کی عمر کے تعین کیلئے ہڈیوں اور دانتوں کے ایکسرے کئے تھے۔ذرائع کا کہنا ہے شاہ رخ جتوئی کی بلوغت کا تعین ہوگیا ہے، ملزم کے 32 دانت مکمل ہیں اور عقل داڑھیں بھی نکل آئی ہیں۔ یہ نشانیاں کسی بھی شخص میں 18سال کے بعد ہی نمایاں ہوتی ہیں۔کراچی میں ہونے والے میڈیکل بورڈ میں ڈاﺅ میڈیکل کالج کے پرنسپل پروفیسر جنید اشرف، پروفیسر عتیق، پروفیسر صبا سہیل اور پروفیسر طلعت مرزا سمیت ایک ڈینٹسٹ بھی شامل ہیں۔آئی این پی کے مطابق شاہ رُخ جتوئی کے وکیل نے کہا ہے اگر شاہ رخ کو بالغ قرار دیا گیا تو رپورٹ چیلنج کریں گے، دستاویزات کے مطابق شاہ رخ جتوئی کی عمر 17سال چار ماہ ہے۔