جدید علم کا حصول وقت کی اہم ضرورت ہے: حمزہ شہباز
لاہور (اپنے نمائندے سے) پاکستان مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنما و ممبر قومی ا سمبلی حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ جدید علم کا حصول وقت کی اہم ضرورت ہے اور پنجاب حکومت تعلیم جیسے اہم شعبہ میں انقلابی اقدامات کر کے نئی نسل کو جدید علوم کی طرف راغب کر رہی ہے یہ بات انہوں نے گذشتہ روز کریسنٹ ماڈل ہائر سکینڈری سکول میں سالانہ کھیلوں کے موقع پر بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر پرنسپل محمد شکور سمیت کریسنٹ ٹرسٹ سے ظہیر اے شیخ، ٹرسٹی جاوید امین وائس پرنسپل نثار محمد اور ہیڈ ماسٹر عارف جاوید بھی موجود تھے۔ حمزہ شہباز نے کہا کہ ادارے کی اپنی پہچان ہے انہوں نے اساتذہ کی بھی تعریف کی۔ پرنسپل محمد شکور نے سپاسنامہ پیش کیا۔ سالانہ کارکردگی کے حوالے سے اور ہر سال کی طرح اس سال بھی لاہور بورڈ میں بچوں کی نمایاں پوزیشنوں کی تفصیل سے آگاہ کیا۔