پشاور: لڑائی میں2 افراد ہلاک، دستی بم حملے میں تھانیدار، 4 اہلکار زخمی
پشاور (آن لائن + نوائے وقت رپورٹ) پشاور میں دو گروپوں کے درمیان تصادم کے نتیجے میں 2 افراد ہلاک ہوگئے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق پشاور کے علاقے یونیورسٹی ٹاﺅن میں ایک ہی گھر میں موجود رشتہ داروں میں معمولی تلخ کلامی ہوگئی جس پر دونوں گروپوں کے درمیان فائرنگ کا سلسلہ شروع ہوگیا۔ فائرنگ کے نتیجے میں دو افراد جاں بحق ہوگئے۔ ادھر پشاور کے علاقے بڈھ بیر میں مزار اخون صلوة بابا کے قریب بم دھماکے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا تاہم مزار کی دیوار کو جزوی نقصان پہنچا۔ پولیس کے مطابق شدت پسندوں نے مزار کی دیوار کیساتھ بم نصب کررکھا تھا جبکہ پشاور کے علاقے گلبہار میں جی ٹ یروڈ پر نامعلوم افراد کی طرف سے پولیس وین پر دستی بموں کے حملے میں ایس ایچ او سمیت 5 اہلکار زخمی ہو گئے۔ دھماکے سے پولیس وین تباہ ہو گئی اور اس میں آگ لگ گئی ہشت نگری تھانے کی پولیس وین کو نشانہ بنایا گیا۔ دو زخمیوں کی حالت نازک ہے، دستی بموں کے حملے کے بعد جی ٹی روڈ بلاک ہو گئی اور ٹریفک کا نظام درہم برہم ہو گیا۔