انتخابات سے پہلے آئین پر عملدرآمد نہ کرایا گیا تو مفاد پرست ملک بیچ ڈالیں گے: طاہر القادری
لاہور(خصوصی نامہ نگار) ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا ہے کہ ملک کو فوجی اور سیاسی آمروں نے لوٹ کر کھوکھلا کر دیا ہے، پاکستان کی بنیادوں کو مضبوط اور اداروں کو خودمختار بنانے کے لئے کرپشن کا خاتمہ اور دیانت دار قیادت ضروری ہے، انتخابات سے قبل آئین پاکستان پر عمل نہ کرایا گیا تو ایک مرتبہ پھر یہ مفاد پرست سیاستدان پاکستان کو بیچ ڈالیں گے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے انجمن طلباءاسلام کے مرکزی صدر سعید ظفر کھچی کی قیادت میں اعلیٰ سطحی وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ طاہرالقادری نے کہا کہ اب نوجوان سربکف ہو کر میدان عمل میں آ کر پاکستان کو بچا سکتے ہیں۔ اگر نوجوانوں نے اپنی ذمہ داریوں کا احساس نہ کیا تو آنے والی نسلیں ہمیں معاف نہیں کریں گی۔ سعید ظفر کھچی نے کہا کہ کرپٹ نظام کی تبدیلی کے لئے ایجنڈے کی مکمل حمایت اور تائید کرتے ہیں۔ دریں اثناءڈاکٹر طاہرالقادری سپریم کورٹ میں اپنی رٹ پٹیشن کی پیروی کے لئے اسلام آباد پہنچ گئے۔ آئی این پی کے مطابق طاہرالقادری نے کہا ہے کہ کرپٹ سیاستدانوں کو انتخابی اصلاحات میں اپنی سیاسی موت نظر آتی ہے، ہم ملک میں 1 منٹ کی بھی انتخابی تاخیر نہیں چاہتے لیکن غیر آئینی الیکشن کمشن کی موجودگی میں بھی انتخابات قابل قبول نہیں، آرٹکیل 62/63 پر عمل ہو جائے تو پارلیمنٹ چور لٹیروں سے ہمیشہ کیلئے پاک ہو جائیگی، قیام پاکستان سے لیکر آج تک آمروں اور سیاستدانوں نے ملک کو لوٹ کر کھوکھلا کر دیا ہے۔ اپنے ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ الیکشن کمشن کے حوالے سے ہمارا موقف آئین اور قانون کے مطابق ہے جس سے کسی صورت پیچھے نہیں ہٹیں گے۔