• news

کوئٹہ: فائرنگ سے 4 افراد ہلاک، راکٹ حملوں میں خاتون اور بچوں سمیت 7 زخمی

کوئٹہ (بیورو رپورٹ) کوئٹہ میں فائرنگ کے واقعات میں 4 افراد ہلاک، راکٹ حملوں میں خاتون اور بچوں سمیت 7زخمی ہو گئے۔ پولیس کے مطابق اتوار کو قلات بس اڈے میں نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کرکے ایک شخص نور محمد کو ہلاک کردیا۔ خضدار کے علاقے کرخ میں نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کرکے ایک شخص ثناء اللہ کو ہلاک کر دیا۔ تربت کے علاقے مند میں نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کرکے ایک شخص خانم کو ہلاک کر دیا۔ ڈھاڈر کے علاقے سنی میں دو قبائل میں پرانی دشمنی کی بنا پر فائرنگ کے نتیجے میں ایک شخص ممتاز علی ہلاک ہو گیا۔ کوئٹہ میں قریبی پہاڑوں سے نامعلوم افراد نے 3 راکٹ شہر پر فائر کئے جن میں سے پہلا راکٹ پیر ابوالخیر روڈ پر آ کر گرا جس سے مسجد کا خدمت گار روزی خان زخمی ہو گیا جبکہ دوسرا راکٹ خدائے داد خان روڈ پر رہائش پذیر احمد جان کے گھر پر آ کر گرا جس سے احمد جان اس کی بیوی، 6 ماہ کی بچی خدیجہ، 4 سالہ افشاں، 16 سالہ بی بی عروسہ، 26 سالہ امبر زخمی ہو گئی اور تیسرا راکٹ مری آباد کے علاقے احمد رضا سٹریٹ میں کھلے میدان میں گر کر دھماکے سے پھٹ گیا۔ کوئٹہ کے علاقے گلشن اقبال کالونی میں نامعلوم مسلح افراد نے سڑک کے کنارے دھماکہ خیز مواد نصب کر رکھا تھا جو زوردار دھماکے سے پھٹ گیا تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ دھماکے سے لوگوں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ مچھ کے علاقے آب گم روڈ پر نامعلوم افراد کی جانب سے سڑک کے کنارے نصب بارودی سرنگ پر گاڑی چڑھنے سے زوردار دھماکہ ہوا جس کے نتیجے میں گاڑی تباہ ہو گئی۔ کچلاک کے علاقے پوٹی ناصران میں حساس ادارے کی گاڑی تیز رفتاری کے باعث ڈرائیور سے بے قابو ہو کر الٹنے کے نتیجے میں 5 اہلکار شدید زخمی ہو گئے۔ کوئٹہ کے علاقے بکرا پیڑی کے قریب نامعلوم مسلح افراد نے 2 بھائیوں سردار محمد اور نذیرمحمد کو اغوا کرلیا اور نامعلوم مقام کی طرف فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔

ای پیپر-دی نیشن