• news

انجینئر شوکت اللہ خان نے خیبر پی کے کے نئے گورنر کے عہدے کا حلف اٹھا لیا

پشاور (این این آئی+اے پی پی) خیبر پی کے کے نئے گورنر انجینئر شوکت اللہ خان نے اپنے عہدے کا حلف اٹھا لیا، چیف جسٹس پشاور ہائی کورٹ نے ان سے حلف لیا، اتوار کے روز گورنر ہاﺅس پشاور میں حلف برداری کی تقریب منعقد ہوئی، تقریب میں وزیراعلی امیر حیدر ہوتی، سپیکر کرامت اللہ چغرمٹی، صدارتی ترجمان فرحت اللہ بابر، وفاقی و صوبائی وزرا، سینیٹرز اور قبائلی عمائدین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ انجینئر شوکت اللہ خان باجوڑ ایجنسی سے 2008 میں رکن قومی اسمبلی منتخب ہوئے تھے۔ گورنر انجینئر شوکت اللہ خان نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ قبائلی کی حیثیت سے گورنر کے طور پر نامزدگی ان کیلئے باعث فخر ہے اور ان کی اولین ترجیح صوبے اور قبائلی علاقوں میں قیام امن ہوگی۔ اے پی پی کے مطابق خیبر پی کے کے گورنر انجینئر شوکت اﷲ خان نے کہا گورنر ہاﺅس کے دروازے عوام کیلئے بغیر سیاسی اثر و رسوخ کے کھلے ہیں‘ میں غیرجانبدار رہونگا‘ تعلیم‘ صحت‘ مواصلات اور سپورٹس کی سہولیات فاٹا کی عوام کو پہنچانا میرا مشن ہے جس سے ان کا معیار زندگی بلند ہوگا۔ واضح رہے انجینئر شوکت اﷲ خان اس سے قبل وفاقی وزیر سیفران کے عہدے پر فائز تھے‘ وہ باجوڑ ایجنسی کے خان آف نواگئی خاندان سے تعلق رکھتے ہیں‘ 2008ءکے الیکشن میں وہ باجوڑ ایجنسی کے این اے 43سے رکن قومی اسمبلی منتخب ہوئے۔ 42سالہ انجینئر شوکت اﷲ خان قبائلی علاقے کے چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری اور فاٹا اولمپک ایسوسی ایشن کے صدر بھی رہے۔ ان کے بھائی ہدایت اﷲ خان اب بھی سینیٹر ہیںاور ان کے والد حاجی بسم اﷲ خان ماضی میں رکن قومی اسمبلی رہ چکے ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن