ق لیگ کا چراغ گل ہو چکا، شکست چودھریوں کا مقدر ہے: رانا ثناء
لاہور(خبرنگار) صوبائی وزیر قانون رانا ثناءاللہ نے کہا ہے کہ ق لیگ کا چراغ ہمیشہ کے لئے گل ہو گیا اور شکست چودھری برادران کے مقدر میں لکھی جا چکی ہے۔ بے اختیار نائب وزیر اعظم چودھری پرویز الٰہی پیپلز پارٹی کی گود میں بیٹھ کر بھی کوئی نشست نہیں جیت سکتے۔ پرویز الٰہی جھوٹ بول کر اپنا سیاسی قد بڑھانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ پرویز الٰہی کے بیان پر تبصرہ کرتے ہوئے رانا ثناءاللہ نے کہا کہ اپنے دور حکومت میں کرپشن اور لوٹ مار کرنے والے کس منہ سے مسلم لیگ (ن) کے فلاحی منصوبوں پر تنقید کر رہے ہیں؟ رانا ثناءاللہ نے کہا کہ پرویز الہی نے لوٹ مار کے لئے انڈر گراونڈ ٹرین کا 230 ارب روپے کا کاغذی منصوبہ بنایاجبکہ میٹرو بس پراجیکٹ صرف 30 ارب روپے لاگت سے مکمل ہو ا ہے۔ دریں اثناء رانا ثناءاللہ نے منظور وٹو کے بیان پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ منظور وٹو آئندہ انتخابات میں شکست کے بعد کسی کو منہ دکھانے کے قابل بھی نہ رہیں گے۔