• news

زرداری کو لوٹی ہوئی دولت کی پائی پائی واپس کرنا پڑے گی: منور حسن

لاہور (خصوصی نامہ نگار) امیر جماعت اسلامی منور حسن نے کہا ہے کہ صدر زرداری کے ذہن میں رہنا چاہیے کہ خدا کے ہاں دیر ہے اندھیر نہیں، سوئس بنکوں میں موجود دولت پاکستان کے غریب عوام کی ہے، غریب کو جھگیوں میں پناہ نہیں مل رہی اور حکمران ہر شہر میں محل تعمیر کر رہے ہیں ، زرداری کو لوٹی گئی دولت کی ایک ایک پائی واپس کرنا پڑے گی، صدر کو سوئس فیصلے پر خوشیاں منانے کی بجائے اللہ کی پکڑ سے بچنے کی فکر کرنی چاہیے ۔ زرداری اللہ اور عوام کی عدالت سے فرار نہیں ہوسکتے، آئندہ انتخابات میں عوام کوسوچ سمجھ کر اپنی رائے کااظہار کرنا چاہیے اگر یہی لوگ دوبارہ مسلط ہوئے تو عوام کے لیے سانس لینا بھی مشکل ہو جائے گا، امریکہ طالبان کو زیر کرنے میں ناکام ہو کر کبھی فرانس کبھی جرمنی او ر کبھی قطر میں مذاکرات کی میز بچھاتاہے۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے منصورہ میں جماعت اسلامی کی دو روزہ سوشل میڈیا ورکشاپ کے اختتامی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ منورحسن نے کہاکہ ایم کیو ایم قتل عام کے ذریعے خوف اور دہشت پھیلا کر الیکشن کو روکنا چاہتی ہے۔ منورحسن نے کہاکہ موجود ہ اور آنے والا دور میڈیا کا ہے۔ منور حسن نے ینگ ڈاکٹرز پر پولیس کے کریک ڈاﺅن اور بیہیمانہ تشدد کی شدید مذمت کی۔ انہوں نے کہا کہ ینگ ڈاکٹرز اپنے مطالبات کے حق میں پرامن مظاہرہ کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ مسائل کو تشدد کے بجائے افہام و تفہیم اور گفت و شنید سے حل کیا جانا چاہے۔

ای پیپر-دی نیشن