منصوبے کی 11 ماہ میں تکمیل کا سہرا شہباز شریف کے سر ہے: نائب وزیراعظم ترکی
لاہور (سٹاف رپورٹر) ترکی کے نائب وزیراعظم بیکر بزدیگ نے میٹروبس کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ عوام کی سہولت کے لئے عظیم الشان میٹروبس کے منصوبے کی 11ماہ کی ریکارڈ مدت میں تکمیل کا سہرا وزیراعلی پنجاب محمد شہباز شریف کے سر ہے میں انہیں اور ان کی پوری ٹیم کو اس شاندار عوامی منصوبے کی تکمیل پر دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ شہباز شریف دنیا میں کامیابی سے چلنے والے نظام میٹروبس سسٹم کو پاکستان لے کر آئے ہیں۔ ہماری خواہش ہے کہ میٹروبس سسٹم پاکستان کے دوسرے شہروں میں بھی آئے۔ شہباز شریف نے ریکارڈ مدت میں اتنا بڑا منصوبہ مکمل کر کے نا ممکن کو ممکن کر دکھایا۔ میں منصوبے پر کام کرنے والے ٹھیکیداروں، انجینئروں اور مزدوروں کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ ترک کمپنی البراک نے پنجاب میں سرماےہ کاری کی ہے، مجھے امید ہے پنجاب کے عوام کے تعاون سے البراک کو کامیابی ملے گی۔ لاہور کی جدت میں اضافہ کرنے والے میٹروبس کے منصوبے سے پاکستان اور ترکی کے مابین صدیوں سے قائم دوستی اور محبت کے رشتے مزید مضبوط ہوںگے۔ ترکی اور پاکستان کی دوستی اخلاص پر مبنی ہے اور دونوں ممالک نے مشکل کے لمحات میں ایک دوسرے کا بھر پور ساتھ دیا ہے۔ جب بھی پاکستان کو کسی قدرتی آفت کا سامنا کرنا پڑا تو سب سے پہلے اپنے بھائیوں کی مدد کے لئے ترک ےہاں پہنچے۔ اسی طرح جب ترکی میں زلزلہ آیا تو پنجاب حکومت نے بھرپور تعاون کیا۔ ترکی کی جدوجہد آزادی میں برصغیر کے مسلمانوں کے تعاون کو بھی ترک کبھی فراموش نہیں کر سکتے۔ پاکستان اور ترکی کے مابین برادرانہ اور دوستانہ تعلقات تو موجود رہے ہیں لےکن ان دونوں ممالک کے درمیان تجارتی تعلقات اتنے اچھے نہیں تھے۔ اب ترکی کے سرماےہ کار پنجاب میں سرماےہ کاری کر رہے ہیںجس سے تجارتی تعلقات میں بہتری آرہی ہے۔ ہماری خواہش ہے زیادہ سے زیادہ ترک سرماےہ کار پاکستان میں سرماےہ لگائیں اور پاکستانی بزنس مین ترکی میں کاروبار کریں۔ پاکستان اورترکی کی باہمی تجارت کے ساتھ تمام اسلامی ممالک کو اقتصادی و تجارتی تعاون بڑھانا چاہےے۔ پاکستان بالخصوص پنجاب کے عوام کے لئے آج تاریخی دن ہے۔ میٹروبس سسٹم پاکستان کے مستقبل کو تابناک بنائے گا۔ ہم ایک بڑے وفد کے ساتھ پاکستانی بھائیوں کی خوشیوں کو دوبالا کرنے کے لئے میٹروبس سروس کی افتتاحی تقریب میں شرکت کے لئے آئے ہیں ہم ترکی کے صدر عبداﷲ گل، وزیراعظم طیب اردگان اور ترک قوم کی طرف سے اپنے پاکستانی بھائیوں کے لئے محبت اور ایثار کا پیغام لے کر آئے ہیں۔ہمیں آنے والی نسلوں کو پاک ترک دوستی کا پیغام دینا ہے۔ اگرچہ جغرافیائی لحاظ سے پاکستان اور ترکی کے درمیان ہزاروں میل کا فاصلہ موجود ہے لےکن دونوں ممالک کے عوام کے دل ملے ہیں اور ایک ساتھ دھڑکتے ہیں۔ میٹروبس سروس کے علاوہ ترک کمپنیوں اور پنجاب کے اشتراک سے چلنے والے دیگر منصوبوں سے دونوں ممالک کے عوام ایک دوسرے کے مزید قریب آئیںگے باہمی محبت اور اخوت کے رشتے مزید مضبوط ہوںگے استنبول کی کمپنی اولسیئم کے جنرل مینجر عمر یلدیر نے کہاکہ وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف کو جب ہم نے ترکی میں اپنے مہمان بنایا تو انہیں میٹروبس سروس سسٹم کا معائنہ کرایا۔شہبازشریف نے جدید میٹروبس سسٹم پاکستان کے شہر لاہور میں لانے کا ارادہ ظاہر کیا ہم نے ایک سال کی مدت میں منصوبے کا ڈئزائن تیارکر کے پنجاب حکومت کو دیا جس نے شہبازشریف کی قیادت میں میٹروبس کے منصوبے کو 11ماہ سے بھی کم عرصے میں مکمل کر دیا۔ اتنے بڑے منصوبے کی اتنی کم مدت میں تکمیل کا یقین نہیں آتا لےکن پاکستان اور ترک بھائیوں نے مشترکہ کاوشوں سے ناممکن کو ممکن کر دکھایا۔ میں اس منصوبے پر کام کرنے والوں کو مبارکباد دےتا ہوں۔ اس تاریخی منصوبے کی تکمیل پر پنجاب کے وزیراعلی محمد شہبازشریف کو ان کی محنت ، جانفشانی اور کاوشوں پر انہیں سلیوٹ کرتا ہوں۔ ڈائریکٹر جنرل ایل ڈی اے احد چیمہ نے کہاکہ دنیا کے 147ممالک میں میٹروبس سسٹم موجود ہے اور آج پاکستان بھی ان ممالک میں شامل ہو گیا ہے۔ میٹروبس کے منصوبے پر 29ارب 80کروڑ روپے لاگت آئی ہے اور اسے دن رات محنت کر کے 11ماہ کی ریکارڈ مدت میں مکمل کیا گیا ہے۔ میٹروبس کے روٹ پر 18بس سٹیشن نارمل سٹرک پر جبکہ 9 ایلیوےٹڈ بس سٹیشن بنائے گئے ہیں۔ 8.3کلومیٹر فلائی اوور بھی بنایا گیا ہے۔ بس سٹیشنوں پر مسافروں کی سہولت کے لئے بہترین انتظامات کئے گئے ہیں۔ہم وزیراعلی پنجاب محمد شہبازشریف کی قیادت میں اس عظیم الشان منصوبے کو مکمل کرنے میں کامیاب ہوئے ہیں۔ مینجنگ ڈائریکٹر پنجاب میٹروبس اتھارٹی سبطین فضل حلیم نے منصوبے کے وژن، اہم خدوخال اور معاشی و اقتصادی پہلوﺅں پر روشنی ڈالی۔ ایم اے او کالج اور جین مندر پر بنائی گئی روٹری پر کام کرنے والے مزدور فدا حسن نے خطاب کرتے ہوئے پوری قوم کو میٹروبس منصوبے کی تکمیل پر مبارکباد دی اور کہاکہ اس منصوبے پر مزدوروں نے رات دن کام کیا۔ عید اور دیگر تہواروں کے علاوہ اتوار کی چھٹی کے دوران بھی منصوبے پر کام جاری رہا۔ وزیراعلی محمد شہبازشریف کام کے دوران منصوبے کا دورہ کرتے جس سے ہمارے حوصلے بڑھتے اور ہم اور زیادہ محنت کرتے۔ انہوںنے کہاکہ مزدوروں نے اس منصوبے پر 11ماہ تک ایک چیلنج سمجھ کر دن رات کام کیا اور پاکستانی قوم کو میٹروبس کا تحفہ دیا۔