• news

بھارت دلائل کی زبان نہیں سمجھتا‘ کشمیر صرف جہاد سے آزاد ہوگا : آزادی کشمیر پر سیمینار

راولپنڈی (نوائے وقت رپورٹ) آئی ایس آئی کے سابق سربراہ لیفٹیننٹ جنرل (ر) حمید گل نے کہا ہے کہ افضل گورو کی پھانسی کی آصف زرداری اور دیگر سیاستدانوں نے مذمت نہیں کی۔ امریکہ، بھارت اور اسرائیل کا چراغ بجھنے والا ہے، بھارت دلائل کی زبان نہیں سمجھتا ہمیں کشمیر کو جہاد کے ذریعے آزاد کرانا ہو گا۔ وہ اتوار کو یہاں ہمدرد مرکز میں تحریک جوانان پاکستان کے زیر اہتمام آزادی کشمیر سیمینار سے خطاب کر رہے تھے اس موقع پر مولانا فضل الرحمن خلیل، لیفٹیننٹ جنرل (ر) شاہد عزیز، سردار خالد ابراہیم، عبدالرشید ترابی، سید یوسف نسیم، ڈاکٹر شیریں مزاری، پروفیسر محمد اشرف صراف، مسز یاسین ملک اور تحریک کے چیئرمین محمد عبداللہ گل نے بھی خطاب کیا۔ شاہد عزیز نے کہا کہ تقریروں سے کشمیر آزاد نہیں ہو گا۔ پاکستان کے حکمرانوں نے کشمیریوں کو دھوکا دیا۔ اچھے حکمرانوں کو تلاش کرنے کی بجائے نظام تبدیل کیا جائے۔ مولانا فضل الرحمن خلیل نے کہا کہ جہاد آزادی، عزت اور امت مسلمہ کی سربلندی کا راستہ ہے۔ افغانوں نے جہاد کی وجہ سے دو سپر طاقتوں کو شکست دی۔ کشمیری قیادت بھی جہاد کرے تو جلد کامیاب ہو گی۔ شیریں مزاری نے کہا کہ کشمیر کے بغیر پاکستان ادھورا ہے۔ حکمران اقوام متحدہ کی قراردادوں کا ذکر نہیں کرتے حالانکہ ان کی وجہ سے ہی پاکستان کو مسئلہ کشمیر کا فریق تسلیم کیا گیا ہے۔ سید یوسف نسیم نے کہا کہ 5 جنوری 49ءکی قرارداد ہی مسئلہ کشمیر کے حل کا روڈ میپ ہے اس پر عمل کرنے سے مسئلہ حل ہو گا۔ پروفیسر محمد اشرف صراف نے کہا کہ یہاں مجاہدین کی مخالفت کی جاتی ہے پاکستان اپنی نظریاتی سمت درست کرے پاکستان کی فوجی قوت ناقابل شکست ہے۔ عبدالرشید ترابی نے کہا کہ پرویز مشرف نے یو ٹرن لے کر کشمیر کی تحریک کو نقصان پہنچایا۔ افضل گورو کی شہادت پر وزارت خارجہ کو مضبوط بیان دینا چاہئے اور بین الاقوامی سطح پر بھارتی مظالم کو بے نقاب کرنا چاہئے۔ مسز مشال یاسین ملک نے کہا کہ کشمیریوں کی تین چار نسلیں قربانیاں دے چکی ہیں کشمیر کا مسئلہ کب حل ہو گا۔ محمد عبداللہ گل نے کہا کہ افضل گورو کی پھانسی عدالتی قتل ہے۔

ای پیپر-دی نیشن