• news

راولپنڈی، فیصل آباد ریجن نے افغانستان کو 8 وکٹوں سے ہرا دیا


لاہور (سپورٹس رپورٹر) راولپنڈی اور فیصل آباد ریجن پر مشتمل ٹیم نے پاکستان کے تربیتی دورہ پر آئی افغانستان ٹیم کو 8 وکٹوں سے شکست دے دی۔ قذافی سٹیڈیم لاہور میں کھیلے جانے والے اس میچ میں راولپنڈی فیصل آباد ریجن ٹیم کے کپتان نے ٹاس جیت کر مہمان ٹیم کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔ افغانستان ٹیم نے 49.1 اوورز میں تمام وکٹوں کے نقصان پر 166 رنز بنائے جس میں رحمت شاہ نے 48، میر واعظ نے 32 اور شبیر احمد نے 32 نمایاں رنز بنائے۔ میزبان ٹیم کی جانب سے سہیل تنویر نے تین، سمیع اﷲ نیازی نے 2 جبکہ حماد اعظم، اسد اور عثمان قادر، زوہیب احمد نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ 167 رنز کا ہدف راولپنڈی فیصل آباد ریجن کی ٹیم نے 31 اوورز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر پورا کر لیا۔ اویس ضیا نے 75، بابر اعظم نے 64 نمایاں رنز بنا کر ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کیا۔ افغانستان کی طرف سے رحمت شاہ اور نسیم نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ آخر میں اویس ضیا کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ پاکستان اے اور افغانستان کے درمیان دو میچوں کی سیریز کا پہلا ون ڈے آج قذافی سٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔

ای پیپر-دی نیشن