قومی ہاکی ٹیم کا تربیتی کیمپ آج سے شروع ہو گا
لاہور(سپورٹس رپورٹر) اذلان شاہ کپ ہاکی ٹورنامنٹ کی تیاری کے لیے پاکستان ہاکی ٹیم کے ممکنہ کھلاڑیوں کا تربیتی کیمپ آج سے لاہور میں شروع ہوگا۔ پاکستان ہاکی فیڈریشن کی جانب سے اعلان کردہ 25 میں سے 22 کھلاڑیوں نے گذشتہ روز کیمپ میں رپورٹ کر دی۔ وسیم احمد پہلے روز نجی مصروفیت کی بنا پر کیمپ میں رپورٹ نہیں کر سکے آج شام کو لاہور پہنچیں گے۔ رضوان سینئر اور راشد نے بغیر اطلاع کیمپ میں رپورٹ نہیں کی جن کے بارے میں ٹیم مینجمنٹ بھی لا علم ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ دونوں کھلاڑیوں نے ہالینڈ میں کھیلی جانے والی لیگ ہاکی کے لیے پی ایچ ایف سے این او سی حاصل کر رکھا ہے جس کی بنا پر دونوں کھلاڑیوں سے رات گئے تک ٹیم انتظامیہ کا رابطہ نہیں ہو سکا۔ کیمپ میں رپورٹ کرنے والے کھلاڑیوں میں عمر ان شاہ، عمران بٹ، سید کاشف شاہ، محمد عمران، محمد توثیق، فرید احمد، محمد وقاص، شفقت رسول، عبدالحسیم خان، علی شان، محمد عتیق، محمد کاشف علی، شکیل عباسی، محمد عرفان، محمد سلمان حسین، محمد عمر بھٹہ، محمد رضوان جونئیر، محمد عرفان جونئیر، محمد دلبر، محمد خالد بھٹی، تصور عباس اور طلال خالد شامل ہیں۔ اولمپئن اختر رسول چودھری قومی ہاکی ٹیم کے منیجر و چیف کوچ، عبدالحنیف خان کوچ، اجمل خان اور احمد عالم اسسٹنٹ کوچ، فیض الر حمان فزیو تھراپسٹ اور ندیم خان لودھی ویڈیو انالسٹ ہوں گے۔ اذلان شاہ کپ ہاکی ٹورنامنٹ 9 سے 17 مارچ تک ملائیشیا کے شہر ایپو میں کھیلا جائیگا۔