رحیم یار خان: بہاولپور صوبہ کی بحالی کے حق میں مسلم لیگ (ن) کی ریلی
رحیم یارخان (بیورو رپورٹ) بہاولپور صوبہ بحالی کے لئے مسلم لیگ (ن) کے زیراہتمام ریلی نکالی گئی جس میں ہزاروں افراد نے شرکت کی۔ تفصیل کے مطابق بہاولپور صوبہ کی بحالی کے لئے مسلم لیگ (ن) کے زیراہتمام ریلی کا آغاز ٹاﺅن ہال سے ہوا جس میں ہزاروں افراد شریک ہوئے ریلی کے شرکاءبہاولپور صوبے کی بحالی کے لئے نعرے بازی کرتے رہے۔ ریلی کی قیادت مشیر وزیراعلیٰ پنجاب زیب جعفر اور مسلم لیگ (ن) کے ضلعی سینئر نائب صدر چودھری محمد شفیق نے کی ریلوے چوک پہنچ کر ریلی جلسے میں تبدیل ہو گئی۔ جلسے سے خطاب کرتے ہوئے زیب جعفر، میاں خالد شاہین، چودھری محمد شفیق، میاں عامر شہباز، آصف مجید ، خواجہ ادریس اور دیگر مقررین نے کہا کہ بہاولپور صوبہ عوام کا حق ہے اور آج ہزاروں افراد نے اپنے اس مطالبے کی حمایت میں سٹرکوں پر نکل کر ثابت کر دیا ہے کہ وہ بہاولپور صوبے کے علاوہ کسی دیگر آپشن کو قبول نہیں کریں گے حکمرانوں کو ہوش کے ناخن لینے چاہئیں عوام نے بی جے پی فارمولے کا مسترد کر دیا ہے اب وہ ہی ہو گا جو یہاں کے عوام چاہیں گے۔ اس موقع پر چودھری جعفر اقبال گجر نے ٹیلی فون پر خطاب کیا اور کہا کہ اپنی اس جدوجہد میں وہ تنہا نہیں ہیں، پوری مسلم لیگ (ن) ان کے ساتھ کھڑی ہے۔