عالمی طاقتیں مذاکرات کیلئے بندوق کی نالی ہٹا لیں‘ دباﺅ میں نہیں آئیں گے : احمد ی نژاد
تہران(این این آئی)ایرانی صدر احمدی نژادنے کہاہے کہ وہ اپنے جوہری پروگرام پر عالمی طاقتوں کے ساتھ مذاکرات کے دوران دبا ﺅمیں نہیں آئیں گے۔بندوق کے زور پر ایرانی عوام سے مذاکرات شروع کرنے کی توقع نہیں کر سکتے، اتوارکو ایران کے جشن آزادی کی تقریبات کے دوران ایرانی صدر محمود احمدی نژاد نے تہران کے آزادی چوک پر لوگوں کے جم غفیر سے خطاب کرتے ہوئے اصرار کیا کہ ان کی حکومت اپنے جوہری پروگرام پر کسی قسم کے دبا ﺅکا شکار نہیں ہو گی۔ ایرانی صدر احمدی نژاد کا کہنا تھا کہ وہ اپنے جوہری پروگرام پر ایران کے دشمنوں سے اس وقت مذاکرات کریں گے جب وہ ان پر دباﺅ دینا بند کر دیں گے۔ احمدی نژاد نے کہاکہ آپ بندوق کے زور پر ایرانی عوام سے مذاکرات شروع کرنے کی توقع نہیں کر سکتے ہیں۔ ایرانی صدر نے مزید کہا کہ مذاکرات کا مقصد یہ نہیں ہونا چاہیے کہ کوئی اپنی رائے مسلط کرے۔ انہوں نے عالمی طاقتوں کی طرف سے عائد کی جانے والی پابندیوں کے تناظر میں کہاکہ اگر ایرانی عوام پر رکھی ہوئی بندوق کی نالی ہٹا لی جاتی ہے تو میں خود ذاتی طور پر مذاکراتی عمل میں شریک ہو جاﺅں گا امریکہ رویہ تبدیل کرے۔ ادھر تہران سمیت ملک بھرمیں ریلیاں اور جلوس نکالے گئے جس میں لاکھوں افراد نے شرکت کی۔ ”امریکہ اور اسرائیل مردہ “ کے نعرے لگائے۔ شرکاء نے اوباما اور شاہ رضا پہلوی کے پتلے اٹھا رکھے تھے۔