پیپلزپارٹی عوام کی خدمت کے سفر کو بلاتفریق جاری رکھے گی: گورنر پنجاب
لاہور+سیالکوٹ (خبر نگار+نامہ نگار)گورنر پنجاب مخدوم احمد محمود نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی بے لوث عوامی خدمت کے سفر کو بلا تفریق جاری رکھے گی۔تمام سیاسی فیصلے پنجاب کی عوام کے وسیع تر مفاد میںکئے جائیں گے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی فیصل کریم کنڈی اوروفاقی وزیر برائے نیشنل ریگولیشن اینڈ سروسز ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کے ہمراہ ڈھلے والی ہیڈ مرالہ میں بجوات کے 35دیہات کو سوئی گیس کی فراہمی کے افتتاح کے بعد جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔گورنر نے کہا کہ انہوں نے اپنی زندگی میں بے شمار جلسوں میں شرکت کی مگر جو محبت اور پیار انہیں سیالکوٹ کے عوام نے دیا وہ تمام عمر نہیں بھلا سکیں گے۔ انہوں نے لوگوں پر زور دیا کہ وہ آئندہ عام انتخابات میں حلقہ این اے 111بجوات سے ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کو بھاری اکثریت سے کامیاب کروائیں نہیں تو وہ ڈکٹر فردوس کی سیاسی و سماجی مقبولیت کے پیش نظر انہیں اپنے آبائی حلقہ رحیم یار خان سے الیکشن جتوائیں گے۔گورنر نے کہا کہ بغیر پروٹوکول بغیر مراعات اور بغیر تنخواہ کے عوام کی خدمت جاری رکھیںگے۔ جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے سپیکر قومی اسمبلی فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ صوبہ خیبر پی کے میں آئندہ حکومت انشاءاللہ پیپلز پارٹی کی ہو گی بلکہ چاروں صوبوں میں ہی پیپلز پارٹی اپنی حکومت بنائے گی۔ جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ بجوات میںپیپلز پارٹی کی مقبولیت سے مخالفین کی نیندیں حرام ہو چکی ہیں۔ دریں اثناءسیالکوٹ بز نس کیمیو نٹی کے وفد نے گو رنر پنجا ب مخدوم احمد محمود سے ملا قات کی اور انہیں اپنے مسائل سے تفصیلی آگاہ کیا ۔گورنر نے سیالکوٹ بزنس کمیونٹی کو درپیش مسائل کے موثر حل کے لئے تمام تر اقدامات کرنے کی یقین دہانی کروائی۔معزز مہمانوں کو دختر سیالکوٹ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کے ہمراہ بھگی میں بیٹھا کر بڑے جلوس کی شکل میں جلسہ گاہ تک لایا گیا۔مقامی لوگوں نے معزز مہمانو ں پر گل پاشی بھی کی ۔