سمندری طوفان نے کینیڈا کا رخ کر لیا‘ امریکہ میں لاکھوں افراد بجلی سے محروم
واشنگٹن (آن لائن) سمندری طوفان کے باعث امریکہ کی مشرقی ریاستوں میں لاکھوں افراد بجلی سے محروم ہیں۔ نیویارک‘ میساچوسٹس‘ روڈ آئلنڈ‘ کنیٹی کٹ اور مین کے گورنرز نے ان ریاستوں میں ’ایمرجنسی‘ نافذ کر دی ہے۔ بعض علاقوں میں پروازیں، ٹرین سروس بحال ہونا شروع ہو گئی جبکہ حادثات میں مزید 3 افراد ہلاک ہوگئے تاہم امریکہ کے بعد برفانی طوفان نے کینیڈا کا رخ کر لیا جس کے باعث 3 صوبے متاثر ہوئے ہیں۔ دوسری جانب امریکہ میں زندگی معمول کی طرف لوٹنے لگی ہے، پروازیں اور ٹرین سروس بحال ہونا شروع ہو گئی۔ امریکہ کی شمال مشرقی ریاستیں جس میں نیویارک اور بوسٹن کے شہر بھی شامل ہیں، شدید برفانی طوفان کی لپیٹ میں ہیں۔ نیویارک کے میئر مائیکل بلوم برگ نے ایک بیان میں کہا کہ یہ طوفان اتنی شدید نوعیت کا نہیں جس کی پیش گوئی کی جا رہی تھی۔ بوسٹن اور نیویارک میں ٹرین کا نیٹ ورک بھی بند کر دیا گیا ہے۔