• news

کرم، دیر: بارودی سرنگ کا دھماکہ، نوجوان ہلاک، دو کمانڈروں سمیت 4شدت پسند گرفتار


کرم/ دیر/ صوابی (نامہ نگار/ آن لائن/ این این آئی) کرم ایجنسی میں بارودی سرنگ پھٹنے سے نوجوان ہلاک ہو گیا۔ لوئر دیر میں سکیورٹی فورسز کی کارروائی میں 2کمانڈروں سمیت 4شدت پسند گرفتار کرکے ان کے قبضے سے پاکستان، افغان افواج کے یونیفارم، اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کر لیا گیا۔ صوابی میں حکومتی اداروں کے دفاتر کے سامنے بم دھماکے میں دفاتر کو جزوی نقصان پہنچا تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ تفصیلات کے مطابق کرم ایجنسی کے علاقے مالی خیل میں 19سالہ انتظار حسین مالی خیل کے پہاڑی کی طرف جا رہے تھے کہ کچے راستے میں نصب بارودی سرنگ سے ان کی ٹانگ ٹکرا گئی جس کے نتیجے میں وہ موقع پر جاں بحق ہو گیا۔میڈیا رپورٹ کے مطابق قانون نافذ کرنے والے اداروں نے زیریں دیر کے ضلعے کے ثمرباغ میں کارروائی کی۔ عسکریت پسندوں کو گرفتار کیا ہے جن کے پاس افغان نیشنل آرمی( اے این اے) اور پاکستان آرمی کے یونیفارم بھی قبضے میں لے لئے گئے ہیں۔ گرفتار افراد کو مزید تفتیش کیلئے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا۔ذرائع کے مطابق سات دستی بم، چھ ڈیٹونیٹرز، تین کلوگرام بارود، نو بارودی سرنگیں، سیون ایم ایم پسٹلز، ایک کلاشنکوف اور چینی ساختہ گنز برآمد کی ہیں۔نجی ٹی وی کے مطابق شبہ ہے کہ یہ افراد ان وردیوں میں ملوث ہوکر کسی تخریبی کارروائی کی منصوبہ بندی کررہے تھے۔نوشہرہ ضلع میں تحصیل پبی کے جاروبہ علاقے میں قانون نافذ کرنے والی ایجنسیز نے دو اہم کمانڈرز کو گرفتار کیا جو ایک عسکریت پسند گروہ سے تعلق رکھتے تھے۔ گرفتار شدہ فرد کے متعلق شبہ ہے کہ وہ تیراہ وادی میں عسکریت پسندوں کو اسلحہ فراہم کرنے والا اہم ترین شخص ہے۔ صوابی کی رپورٹ کے مطابق گذشتہ رات نامعلوم افراد نے حساس اداروں اور سرکاری دفاتر کے عقب میں پانچ کلو گرام وزنی بم رکھا تھا جو زور دار دھماکے سے پھٹ گیا جس سے حساس اداروں اور سرکاری دفاتر کے دروازے، دیواروں، کھڑکیوں کو جزوی نقصان جا پہنچا تاہم دھماکے سے کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا۔

ای پیپر-دی نیشن