پیپلزپارٹی اور مسلم لیگ (ن) سیاسی پارٹیاں نہیں قبضہ گروپ ہیں: جاوید ہاشمی
ملتان (آن لائن) تحریک انصاف کے صدر مخدوم جاوید ہاشمی نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی اور مسلم لیگ (ن) کے اقتدار پر قابض بیٹھے نااہل سیاستدانوں نے نگران سیٹ اپ بنانے کی دستار سیاستدانوں کے سر پر سجانے کی بجائے سپریم کورٹ‘ الیکشن کمیشن اور فوج کے حوالے کردی۔ یہ بات انہوں نے اتوار کے روز اپنی رہائش گاہ پر ”آن لائن“ سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہی انہوں نے کہا کہ اب وفاق اور پنجاب کے اقتدار پر قابض حکمرانوں کی ہمت نہیں ہے کہ وہ نگران سیٹ اپ بنا سکیں۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں مسلم لیگ (ن) کے نااہل حکمرانوں نے 80 ارب کی لاگت سے صرف لاہوریوں کو اپنا ہمنوا بنانے کیلئے میٹرو بس چلائی ہے اور پنجاب بھر سے اوقاف کی مسجدوں اور درباروں کے فنڈ اٹھا کر لاہور میٹرو بس سروس پر لگائے ہیں اور باقی پنجاب کو پسماندہ رہنے دیا ہے جبکہ پیپلزپارٹی نے عوام کو مہنگائی‘ بے روزگاری ملک میں بدامنی اور دہشت گردی کے سوا کچھ نہیں دیا۔ انہوں نے کہا کہ مجھے توقع تھی کہ مسلم لیگ (ن) کے سربراہ اپنی سیاسی بصارت سے چھ ماہ قبل ہی نگران سیٹ بنوالیتے مگر انہوں نے بھی کچھ نہیں کیا اور اب نگران سیٹ اپ کا معاملہ سپریم کورٹ‘ الیکشن کمیشن اور فوج کے پاس چلا گیا ہے جو ہمارے سیاستدانوں کی سب سے بڑی نااہلی اور ناکامی ہے انہوں نے کہا کہ مجھے اب باقی 30 ‘ 32 دنوں میں ان حکمرانوں سے نگران سیٹ اپ بنتا نظر نہیں آرہا۔ پیپلزپارٹی اور (ن) لیگ سیاسی جماعتیں نہیں قبضہ گروپ ہیں۔ آئی این پی کے مطابق جاوید ہاشمی نے کہا ہے کہ عوام حالات تبدیل کرنے کیلئے تبدیلی کے راستے پر چل پڑے ہیں۔انہوں نے کہاکہ آئندہ انتخابات عوام اور ملک کے مستقبل کے حوالے سے انتہائی اہم ہیں۔