میٹروبس منصوبہ اثاثہ ہے‘ وفاقی حکومت کے پھیلائے اندھیرے اجالوں میں بدلیں گے : شہباز شریف
لاہور(خصوصی رپورٹر) وزیراعلی پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ میٹروبس سسٹم کا کامیاب اجراء نئے سفرکا خوبصورت آغاز ہے۔ میٹرو بس منصوبہ عوام کیلئے ایک اثاثہ ہے یہ بسیں عوام کی سہولت کیلئے چلائی گئی ہیں عوام کا فرض ہے کہ وہ سفر کے دوران نظم و ضبط کا مظاہرہ کریں کیونکہ میٹرو بس سسٹم عوام کا اپنا منصوبہ ہے اور اس کی دیکھ بھال انکی اخلاقی ذمہ داری ہے۔ اس منصوبہ کے اجرا پر قوم کو مبارکباد دیتا ہوں۔ آئندہ انتخابات میںعوام کی خدمت اور بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والوں کو ہی پارٹی ٹکٹ دیا جائیگا۔ اگر اللہ اور عوام نے نوازشریف کو موقع دیا تو میں یقین دلاتا ہوں کہ لوڈشیڈنگ کی بنا پر حکومت کے ملک میں پیدا کئے اندھیروں کو اجالوں میں تبدیل کر دینگے۔ یہاں چور اور چوکیدار ملے ہوئے ہیں۔ صنعت کو قومی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت حاصل ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز ماڈل ٹاﺅن میں میٹرو بس سسٹم سے متعلق اعلی سطح اجلاس اور ملتان میں ملتان انڈسٹریل اسٹیٹ فیز ٹو کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس کے دوران وزیراعلی نے میٹرو بس پراجیکٹ کی افتتاحی تقریب میں شاندار انتظامات کرنے پر لاہور کی انتظامیہ اور پولیس کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے پنجاب حکومت عوام کو ایک تاریخی تحفہ دینے میں کامیاب ہوئی ہے اور یہ منصوبہ ٹرانسپورٹ کے شعبہ میں انقلابی تبدیلیوں کا پیش خیمہ ثابت ہوگا۔ عوام نے پہلے ہی دن میٹرو بس سسٹم پر جس بھرپور اعتماد کا اظہار کیا ہے وہ اس بات کا بین ثبوت ہے کہ عوامی منصوبوں کی کامیابی کے اصل جج عوام ہی ہیں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ میٹرو بس سسٹم کی حفاظت کیلئے فول پروف انتظامات کئے جائیں اور عوام کی رہنمائی و آگاہی کیلئے بھرپور مہم چلائی جائے۔ میٹرو بس اتھارٹی اپنی ذمہ داریاں پیشہ ورانہ انداز میں بطریق احسن ادا کرے۔ بس آپریشن کے دوران بہترین انتظامات کو یقینی بنایا جائے۔ ارکان اسمبلی مسافروں کی رہنمائی کیلئے بس سٹیشنز پر موجود رہیں۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ چونگی امرسدھو پر پیڈسٹرین برج بنانے کیلئے فوری طور پر اقدامات کئے جائیں اور پیڈسٹرین برج کے ساتھ موٹرسائیکل سواروں کیلئے علیحدہ ٹریک بھی بنایا جائے۔ وزیراعلیٰ نے میٹرو بس آپریشن سے متعلقہ امور نمٹانے کے حوالے سے ایک سٹیئرنگ کمیٹی بھی تشکیل دی۔ دریں اثنا وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے میٹرو بس سسٹم کے کامیاب اجرا¿ پر پوری قوم کو مبارکبا دیتے ہوئے کہا کہ میٹرو بس پراجیکٹ پاکستانی عوام کیلئے ایک تحفہ ہے اور میں پاکستان کے اپنی نوعیت کے پہلے منفرد ، کثیرالمقاصد اور جدید ٹرانسپورٹ سسٹم کے آغاز پر پوری قوم کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ میٹرو بس کا منصوبہ خالصتاً عام آدمی کیلئے بنایا گیا ہے جس سے سفری سہولیات کے شعبہ میں امیر اور غریب کے درمیان طبقاتی تفریق ختم ہوگی۔ اللہ کا شکر ہے کہ یہ اعزاز بھی پنجاب حکومت کے حصے میں آیا ہے کہ اس نے تعلیم، صحت اور دیگر شعبوں میں انقلابی تبدیلیاں لانے کے بعد ٹرانسپورٹ کے میدان میں بھی عوام دوست میٹرو بس سسٹم متعارف کرایا ہے۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ شہری میٹرو بس پر سفر کرتے ہوئے اس بین الاقوامی معیار کی سروس کے تقاضوں کو ملحوظ خاطر رکھتے ہوئے ایک مہذب قوم کی طرح نظم و ضبط برقرار رکھیںگے۔ اللہ تعالیٰ نے عوام کی خدمت کا موقع دیا تو میٹرو بس جیسے منصوبے اب دیگر بڑے شہروں میں بھی شروع کریں گے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا نوازشریف کی ہدایات کے مطابق عوامی خدمت کا جذبہ رکھنے والے نئے کارکنوں کو سامنے لایا جائے گا۔ جنہوں نے دل و جاں سے عوامی خدمت کو شعار بنائے رکھا۔ زراعت کی طرح صنعت بھی معیشت کے لئے ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے۔ اللہ نے خدمت کا موقع دیا تو ملک میں صنعتی انقلاب برپا کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ بجلی کی مد میں ملک 500ارب روپے کا مقروض ہے اور 200ارب روپے کی بجلی چوری ہوتی ہے۔ یہ پیسہ راتوں رات چوروں سے وصول کیا جاسکتا ہے مگر اس کے لئے سیاسی کمٹمنٹ اور خلوص نیت کی ضرورت ہے جو موجودہ حکمرانوں میں نظر نہیں آتی۔ اگر زرداری حکومت ملک سے مخلص ہوتی تو گنے کے پھوگ (بگاس) سے اڑھائی ہزار میگا واٹ بجلی پیدا کرنے کی گنجائش موجود ہے، صرف پنجاب میں 45اور سندھ میں 35شوگر ملیں کام کر رہی ہیں۔ کوئلے کے ذخائر بھی وافر مقدا ر میں موجود ہیںان سے بھی ساڑھے تین ہزار میگاواٹ بجلی پیدا کی جاسکتی ہے۔ اگر پانچ سال پہلے اس ضمن میں کام شروع کردیا جاتا تو آج ایک طرف جہاں ملک روشن ہوتا، صنعت ترقی کرتی وہاں بجلی پیداکرنے کے لئے اربوں روپے کا جو تیل درآمد کیا جاتا ہے اس کی بھی بچت کی جاسکتی تھی۔ انہوں نے کہا اگر زرداری اور اس کے حواری ملک و قوم سے مخلص ہوتے تو وہ توانائی کے بحران کے حل کے لئے سنجیدہ پالیسیاں اپناتے اور گنے کے پھوگ سے بجلی حاصل کرنے کی منصوبہ بندی کرتے۔ ملک بھر کی بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں میں سب سے بہتر ریکوری پنجاب میں ہے جو کہ 98فی صد ہے۔ اسی طرح یہاں لائن لاسز بھی اوسطاً صرف8فی صد ہیں ایسے میں تمام صوبوں میں یکساں لوڈشیڈنگ کسی طور بھی قرین انصاف نہیں۔ حکمرانوں کی ترجیحات کا اندازہ اس امر سے لگایا جاسکتا ہے کہ جس روز آپ کی پنجاب حکومت لاہور میں غریب عوام کو سستی او ر معیاری سفری سہولیات فراہم کرنے کے لئے میٹرو بس کا افتتاح کر رہی تھی ،عین اسی روز زرداری صاحب لاہور ہی میں اپنے نئے” بنکر“ (بلاول ہاﺅس) کا افتتاح کر رہے تھے۔ عوامی مشکلات کا نہ تو جناب زرداری پر کوئی اثر ہوتا ہے اور نہ ہی انہیں اس کی پرواہ ہے ،وہ تو بس اپنے ایوان صدر کے بنکر میں بیٹھ کرچین کی بانسری بجایا کرتے ہیں۔ جب ہم نے پنجاب حکومت سنبھالی تو چودھری پرویز الٰہی صاحب کی گذشتہ حکومت نے ماسوائے سندر انڈسٹریل اسٹیٹ لاہور کے صوبہ بھر میں صنعت کی بحالی اور فروغ کے لئے کوئی کام نہیں کیا تھا۔ رحیم یار خان اور بھلوال میں انڈسٹریل اسٹیٹس پر کام تیزی سے جاری ہے،وہاڑی کی انڈسٹریل اسٹیٹ مکمل ہوچکی ہے اور اسی ہفتے اس کا افتتاح ہوگا جب کہ سندر انڈسٹریل اسٹیٹ فیز ٹو پر بھی کام جاری ہے۔ ملتان انڈسٹریل اسٹیٹ فیز ٹو پر کام بھی ہمارے دور میں شروع ہوا جو آج خدا کے فضل سے مکمل ہوچکا ہے۔ وزیر اعلیٰ نے واضح کیا کہ ملتان انڈسٹریل اسٹیٹ فیز ون کی بحالی جو 60کروڑ روپے کی لاگت سے ہوئی ہے اور فیز ٹو کے قیام میں وفاقی حکومت نے ایک دھیلہ نہیں دیا بلکہ یہ سب کام پنجاب حکومت کے اپنے فنڈز سے ہوئے ہیں۔ دریں اثنا شہباز شریف نے مسلم لیگ (ن) نیویارک کے صدر صلاح الدین کے انتقال پر گہرے رنج و غم اور دکھ کا اظہار کیا ہے۔ اپنے تعزیتی پیغام میں انہوں نے دعا کی کہ اﷲ تعالی مرحوم کو اپنے جوار رحمت میں جگہ دے اور لواحقین کو ےہ صدمہ صبر سے برداشت کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔علاوہ ازیںشہبازشریف گزشتہ روز بیدیاں روڈ پر واقع ہیر پنڈ گئے اور نوجوان عالم دین و خطیب قاری خلیل کے افسوسناک قتل پر اہلخانہ سے تعزیت کی۔ وزیراعلیٰ نے مرحوم کے درجات کی بلندی اور ایصال ثواب کے لئے فاتحہ خوانی کی۔ محمد شہباز شریف نے مظلوم خاندان سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عالم دین قاری خلیل کے قتل کے دلخراش واقعہ پر دلی دکھ ہوا ہے۔ اس واقعہ میں ملوث ملزمان نے ایک ایسے شخص کو قتل کیا ہے جو اسلام کی تعلیمات پھیلارہے تھے۔ ملزموں نے عالم دین کو قتل کرکے بہت بڑا ظلم کیا ہے اور وہ قانون کے مطابق قرارواقعی سزا سے بچ نہیں پائیں گے۔ اس کیس کی پوری پیروی کی جائے گی اور مظلوم خاندان کو انصاف دلایا جائے گا۔ انہوں نے موقع پر موجود پولیس حکام کو ہدایت کی کہ اس واقعہ کو ٹیسٹ کیس کے طور پر لیا جائے اور ملزموں کی جلد از جلد گرفتاری کے لئے کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے۔ وزیراعلیٰ نے مقتول خطیب کی بیوہ کو 10لاکھ روپے کا امدادی چیک دیا۔
شہباز شریف