عمر 19 سال سے زائد کی میڈیکل رپورٹ عدالت میں پیش....شاہ زیب قتل کیس کے ملزم شاہ رخ کو جیل بھیج دیا گیا
کراچی (نوائے وقت نیوز) انسداد دہشت گردی کی عدالت میں شاہ زیب قتل کیس کی سماعت ہوئی۔ ملزمان اور ارکان میڈیکل بورڈ عدالت میں پیش ہوئے۔ انسداد دہشت گردی کی عدالت نے شاہ رخ جتوئی کو سنٹرل جیل بھجوانے کا حکم دیدیا۔ میڈیکل رپورٹ عدالت میں پیش کی گئی جس میں بتایا گیا تھا کہ شاہ رخ جتوئی کی عمر 19 سال سے زیادہ ہے۔ عدالت نے مرکزی ملزم شاہ رخ کی عمر سے متعلق پہلی غلط رپورٹ دینے پر تفتیشی افسر اور پولیس سرجن کو شوکاز جاری کر دیا۔ پہلی رپورٹ میں شاہ رخ کی عمر 18 سال سے کم بتائی گئی تھی۔ عدالت نے کیس کی مزید سماعت 19 فروری تک ملتوی کر دی۔انسداد دہشت گردی کی عدالت کے جج غلام مصطفی میمن نے کیس سے متعلق میڈیا پر بات کرنے سے وکلاءکو روکدیا۔ ذرائع کے مطابق مقدمے کی سماعت کے دوران بھی صحافیوں کو عدالت میں آنے کی اجازت نہیں دی گئی۔علاوہ ازیں شاہ زیب قتل کیس میں مزید 2ملزم نامزد کر دئیے گئے۔ نجی ٹی وی کے مطابق شاہ رُخ جتوئی کے بھائی اور دوست کو ملزم نامزد کر دیا گیا۔ نواب علی جتوئی اور خرم کے خلاف دفعہ 224اور 225عائد کر دی گئی۔ شاہ رُخ کا جعلی نام سے ٹکٹ بنانے والے شخص کو بھی گرفتار کرلیا گیا۔
شاہ زےب کےس