• news

اذلان شاہ ہاکی ٹورنامنٹ کیلئے تربیتی کیمپ شروع

لاہور (سپورٹس رپورٹر) اذلان شاہ کپ ہاکی ٹورنامنٹ کی تیاری کے لئے پاکستان ہاکی ٹیم کے ممکنہ کھلاڑیوں کا تربیتی کیمپ لاہور میں شروع ہو گیا۔ رضوان سینئر، راشد محمود اور وسیم احمد نے پہلے روز کیمپ میں رپورٹ نہیں کی جبکہ شکیل عباسی اور فرید احمد انجری مسائل کے باعث پہلے روز کے پریکٹس سیشن میں برائے نام ہی شریک ہوئے۔ اس موقع پر ہاکی ٹیم کے ہیڈ کوچ و منیجر اولمپئن اختر رسول نے کہا کہ شکیل عباسی نے پریکٹس کا آغاز کر دیا، اگلے چند روز میں پوری طرح کیمپ میں تیاری کرنا شروع کر دے گا۔ انہوں نے کہا کہ اﷲ تعالیٰ نے جس طرح نوجوان کھلاڑیوں کو چیمپئنز ٹرافی اور ایشین چیمپئنز ٹرافی میں عزت دی، ہماری کوشش ہوگی کہ اذلان شاہ ہاکی ٹورنامنٹ میں بھی اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے بہتر نتائج دینے کی کوشش کرینگے۔ سابقہ ٹورنامنٹ میں پاکستان ٹیم نے ساتویں پوزیشن حاصل کی تھی اﷲ سے دعا ہے کہ اس ٹورنامنٹ میں ہمیں اچھی پوزیشن حاصل ہو۔ انہوں نے کہا کہ اذلان شاہ کپ ہاکی ٹورنامنٹ کا کیمپ 2 مارچ تک جاری رہے گا امید ہے کہ باقی تینوں کھلاڑی ایک دو روز میں کیمپ میں رپورٹ کر دینگے۔ اس موقع پر قومی ٹیم کے کپتان ایم عمران نے کہا کہ گذشتہ ایک دو ٹورنامنٹس میں پاکستان ٹیم کا گول کیپنگ اور ڈیفنس کا شعبہ کمزور رہا ہے کیمپ میں اس پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔ اذلان شاہ ہاکی ٹورنامنٹ میں دنیا کی بہترین ٹیمیں شریک ہیں ہم 2014ءکے ورلڈکپ کو مد نظر رکھ کر ٹورنامنٹ کھیلیں گے۔

ای پیپر-دی نیشن