• news

پاکستان اے ٹیم نے پہلے ون ڈے میں افغان ٹیم کو 8 وکٹوں سے شکست دے دی

لاہور (سپورٹس رپورٹر) پاکستان کے تربیتی دورہ پر آئی افغانستان ٹیم کو قومی اے ٹیم کے ہاتھوں تین میچوں کی سیریز کے پہلے میچ میں 8 وکٹوں سے شکست کا سامنا کرنا پڑ گیا۔ قذافی سٹیڈیم لاہور میں ڈے اینڈ نائٹ کھیلے جانے والے ایک روزہ میچ میں پاکستان ٹیم کے کپتان شاہد آفریدی نے ٹاس جیت کو مہمان ٹیم کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔ وہاب ریاض کی شاندار با¶لنگ کے سامنے افغانستان ٹیم 122 رنز بنا کر آ¶ٹ ہو گئی۔ نمایاں بلے بازوں میں محمد شہزاد نے 33، محمد جاوید احمدی نے 23 رنز بنائے۔ پاکستان اے کی جانب سے با¶لنگ میں وہاب ریاض نے 18 رنز کے عوض تین، شاہد آفریدی نے 24 رنز کے عوض 3 اور ذوالفقار بابر نے 26 رنز کے عوض تین کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ 123 رنز کا ہدف پاکستان اے ٹیم نے عمر اکمل کی دھواں دھار بلے بازی کی بدولت 16.1 اوورز میں صرف 2 وکٹوں کے نقصان پر پورا کر لیا۔ عمر اکمل 30 گیندوں پر 47 رنز بنا کر ناٹ آ¶ٹ رہے جس میں 6 چوکے اور 2 چھکے شامل تھے۔ دیگر نمایاں کھلاڑیوں میں خرم منظور نے 41 اور شان مسعود نے 29 ناٹ آوٹ رنز بنائے۔ افغانستان کی جانب سے عزت اﷲ اور دولت زدران نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ آخر میں وہاب ریاض کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ دونوں ٹیموں کے درمیان دوسرا ون ڈے آج کھیلا جائیگا۔

ای پیپر-دی نیشن