فیصل آباد : نیزہ بازی انٹرنیشنل مقابلے ‘ گولڈ میڈل جنوبی افریقہ نے جیت لیا
فیصل آباد (نمائندہ خصوصی) زرعی یونیورسٹی فیصل آباد میں پانچ روزہ نیزہ بازی مقابلوں میں انٹرنیشنل ایونٹ اختتام پذیر ہوگیا جبکہ پاکستان کے چاروں صوبوں اور آزادکشمیر و گلگت بلتستان کے سینکڑوں نیزہ بازوں کے مقابلے کل بھی جاری رہیں گے۔ انٹرنیشنل مقابلوں کے ٹیم ایونٹ میں جنوبی افریقہ نے گولڈ میڈل‘ پاکستان بی نے سلور اور پاکستان اے ٹیم نے براﺅنز میڈل حاصل کیا۔ ماسٹرز مقابلوں میں جنوبی افریقہ نے پہلی اور پاکستان نے دوسری پوزیشن حاصل کی۔ دو نیزہ بازوں کے مقابلوں میں جنوبی افریقہ کے مارٹنز اور چارل نے پہلی‘ برطانیہ کی ٹینا اور جینا نے دوسری جبکہ برطانیہ ہی کے گرلڈ اور مائیکل نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔ دو نیزہ باز ماسٹرز مقابلوں کے فاتح جنوبی افریقہ کے اناس اور ولیم رہے‘ ڈنک و مارٹن نے دوسری جبکہ ذوالفقار اور خزوئی نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔ تلوار کے ذریعے نیزہ بازی کے مقابلے پاکستان کے شہباز قمر و چوہدری راشد نے جیتے‘ امجد بھٹی و حسین عباس نے دوسری جبکہ یونائٹیڈ نیشنز کی ٹیم نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔ ماسٹرز کے مقابلے جنوبی افریقہ کے ڈرک و مارٹن نے جیتے انس الی ایس و ولیم نے دوسری جبکہ خان اور خضر نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔ زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر اقرار احمد خاں‘ سابق ایم این اے کیپٹن (ر) نثار اکبر خاں اور ڈاکٹر منظور نے آرگنائزر ملک نعیم احمد اعوان اور ملک عطاءکے ہمراہ پوزیشن ہولڈرز میں میڈلز تقسیم کئے۔