• news

دہشت گرد ہمیں کمزور نہیں کر سکتے‘ مشکلات پر قابو پا لیا‘ سرمایہ کاروں کو سہولتیں دیں گے : وزیراعظم

لندن (این این آئی + نوائے وقت رپورٹ) وزیراعظم راجہ پرویز اشرف نے برطانوی شہریوں کو پاکستان میں سرماری کاری کی دعوت دیتے ہوئے کہا ہے کہ برطانوی سرمایہ کاروں کو مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کےلئے ہر ممکن سہولیات فراہم کی جائیں گی، 2014ءمیں افغانستان سے نیٹو افواج کی واپسی سے پاکستان میں سرمایہ کاری کا ماحول بہتر بنانے میں مدد ملے گی اور غیر ملکی کاروباری افراد کے لئے ملک میں سرمایہ کاری کے لئے مزید مواقع پیدا ہوں گے، مختلف شعبوں میں بڑھتی ہوئی ضروریات کی حامل اٹھارہ کروڑ کی آبادی والے ملک میں بیرونی سرمایہ کاری کےلئے بے شمار مواقع موجود ہیں، ملک میں بینکاری کا شعبہ نہایت فعال ہے، افراط زر اور شرح سود میں کمی کا رجحان ہے، غیر ملکی ترسیلات زر میں 100 فیصد اضافہ اور برآمدات نمایاں طور پر بڑھی ہیں۔ وہ برطانوی سرمایہ کاروں، کاروباری رہنماﺅں اور صنعت کاروں سے گفتگو کر رہے تھے۔ وزیراعظم نے کہا کہ مختلف شعبوں میں بڑھتی ہوئی ضروریات کی حامل اٹھارہ کروڑ کی آبادی والے ملک میں بیرونی سرمایہ کاری کے لئے بے شمار مواقع موجود ہیں۔ راجہ پرویز اشرف نے برطانوی سرمایہ کاروں اور کاروباری رہنماﺅں کو یقین دلایا کہ ہم پاکستان میں ان کی سرمایہ کاری میں ہر ممکنہ سہولت دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کچھ مشکلات سے گزرا ہے تاہم ان پر قابو پا لیا گیا لہٰذا بیرونی سرمایہ کاری کےلئے فضا نہایت سازگار ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ پاکستان میں سرمایہ کاروں سے ملے ہیں جنہوں نے نہ صرف ملک کی پالیسیوں کو سراہا بلکہ ان پالیسیوں پر اعتماد کا اظہار بھی کیا۔ جے سی بی کے ڈائریکٹر سیلز فلپ بورویرات نے کہا کہ پاکستان کی معیشت میں بہت زیادہ صلاحیت ہے تاہم انہوں نے بھارت کے ساتھ تعلقات بہتر بنانے پر زور دیا جس سے برطانوی کمپنیوں کو پاکستان میں ٹیکنالوجی اور دیگر سہولیات فراہم کرنے کی راہ ہموار کرنے میں مدد ملے گی۔ انٹرنیشنل ہیلتھ پارٹنر، سی بی ای کے صدر انتھونی ڈیونٹ نے کہا کہ پاکستان میں 75 ملین ڈالر مالیت کی مفت ادویات فراہم کی گئیں۔ پاکستان کے لئے مزید مفت ادویات کی فراہمی کے لئے یورپی یونین اور دیگر ممالک کے ساتھ بھی بات چیت کی جا رہی ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ حکومت ملک کے لئے مفت ادویات کی فراہمی میں معاونت جاری رکھے گی۔ وزیراعظم کا خیر مقدم کرتے ہوئے ملاقات کے شرکاءنے ان کے دورہ برطانیہ اور کاروباری شخصیات و سرمایہ کاروں سے ملاقات کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس سے اقتصادی شعبہ میں پالیسیوں اور ملک کی آئندہ کی منصوبہ بندی کو سمجھنے میں مدد ملے گی۔ وزیراعظم نے اس موقع پر بتایا کہ وفاقی کابینہ نے منی لانڈرنگ کی روک تھام کےلئے قانون سازی کی منظوری دی ہے اور موجودہ حکومت کی مدت پوری ہونے سے پہلے اس ضمن میں پارلیمنٹ کی طرف سے قانون سازی کی جائے گی۔ علاوہ ازیں وزیراعظم سے پی پی برطانیہ کے وفد نے ملاقات کی۔ وزیراعظم نے کہا کہ دہشت گرد ہمیں کمزور نہیں کر سکتے، پاکستانی عوام اور فوج نے بہادری سے دہشت گردی کا مقابلہ کیا، پاکستان میں میڈیا ارتقائی مرحلے سے گزر رہا ہے، وقت کے ساتھ صورتحال بہتر ہو گی۔ 

ای پیپر-دی نیشن