حافظ آباد: گیس کی بندش کیخلاف خواتین کا سوئی گیس آفس کا گھیراﺅ، عملہ دروازے بند کرکے چھت پر چڑھ گیا
حافظ آباد/ ننکانہ صاحب (نمائندہ نوائے وقت) حافظ آباد میں گیس کی کئی روز سے جاری بندش کے خلاف خواتین نے سوئی گیس کے دفتر کا گھیراﺅ کرتے ہوئے زبردست نعرہ بازی کی جبکہ عملہ دفتر کے دروازے بند کرکے چھتوں پر چڑھ گیا۔ خواتین کا کہنا تھا کہ اگر فوری طور پر گیس کی سپلائی بحال نہ کی گئی تو وہ بھرپور احتجاج جاری رکھیں گی جس کی ذمہ داری محکمہ سوئی گیس کے افسران پر ہو گی۔شہر ننکانہ صاحب میں پچھلے 24گھنٹوں سے سوئی گیس کی غیر اعلانیہ بندش کا سلسلہ جاری ہے جس کے باعث گھروں میں خواتین کو ناشتہ بنانے میں شدید دشواری کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، سوئی گیس کا پریشر نہ ہونے کی وجہ سے شہریوں کو رات میں بھوکا ہی سونا پڑا جس کے باعث ساری رات چھوٹے بچے بھوک سے بلکتے رہے۔ شہریوں نے شدید احتجاج کرتے ہوئے صحافیوں کو بتایا کہ محکمہ سوئی گیس نے بغیر اطلاع کے گھروں میں سوئی گیس بند کر کے عوام دشمنی کا ثبوت دیا ہے۔