پولنگ بو تھوں پر قبضہ کا جرمانہ 5 لاکھ تک بڑھایا جائے: خصوصی ذیلی کمیٹی کی تجویز
اسلام آباد (آن لائن + اے پی اے) پارلیمنٹ کی خصوصی کمیٹی برائے انتخابی اصلاحات کی ذیلی کمیٹی کے اجلاس میں الیکشن کمشن کے ضابطہ اخلاق پر مشاورت کا عمل مکمل نہ کیا جا سکا، اجلاس آج پھر ہو گا، ذیلی کمیٹی کے ارکان نے تجاویز دی ہیں کہ امیدواروں کی سکروٹنی 30 کی بجائے 14 دن کی جائے، دن بڑھانے کےلئے آئینی ترمیم کی ضرورت ہو گی، پولنگ بوتھوں پر قبضہ کرنےوالوں پر جرمانہ کی حد 5 لاکھ تک بڑھائی جائے۔ پارلیمنٹ کی خصوصی کمیٹی برائے انتخابی اصلاحات کی ذیلی کمیٹی کا اجلاس منگل کے روز پارلیمنٹ میں کنونیئر سینیٹر کرنل (ر) طاہر حسین مشہدی کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ اس موقع پر طاہر حسین مشہدی نے کہا کہ ہم اپنی سفارشات 3 دن میں مکمل کر کے خصوصی کمیٹی برائے انتخابی اصلاحات کے سامنے پیش کر دیں گے لیکن اس موقع پر سیکرٹری کمیٹی نے اجلاس میں انکشاف کیا کہ ابھی تک ذیلی کمیٹی کا نوٹیفکیشن جاری نہیں ہوا صرف ایک پیغام کے ذریعے مطلع کیا گیا ہے جس پر سینیٹر کامل علی آغا اور سینیٹر سعید غنی نے سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اگر نوٹیفکیشن ہی جاری نہیں کیا گیا تو پھر ہماری تجاویز کس طرح ریکارڈ پر آئیں گی۔