• news

افضل گورو کو پھانسی کیخلاف مظاہرے جاری‘ لندن میں بھارتی ہائی کمشن‘ برسلز میں سفارتخانے کے سامنے احتجاج

سرینگر + لاہور (نیوز ایجنسیاں + نوائے وقت نیوز) بھارت کی جانب سے کشمیری نوجوان افضل گورو کو پھانسی دیئے جانے کے خلاف پاکستان اور آزاد و مقبوضہ کشمیر میں احتجاج کا سلسلہ چوتھے روز بھی جاری رہا، مقبوضہ کشمیر میں کرفیو کے باوجود زبردست مظاہرے کئے گئے، پرتشدد واقعات میں 3 کشمیری نوجوان شہید اور100 سے زائد زخمی ہوگئے۔ ادھر برطانیہ میں بھارتی ہائی کمیشن اور برسلز میں سفارتخانے کے سامنے احتجاجی کیا گیا۔ مقبوضہ کشمیر میں مظاہرین نے اسلام اور آزادی کے حق میں جبکہ فورسز اور بھارت مخالف نعرے بازی کی۔ اس موقع پر علاقے کے ہزاروں لوگوں نے جمع ہو کر عبیدمشتاق کی نماز جناہ میں شرکت کی اور انہیں پرنم آنکھوں میں سپردخاک کیا گیا۔ مظاہروں کے دوران فوج کی طرف سے لاٹھی چارج، شیلنگ اور فائرنگ کے نتیجے میں کئی نوجوان زخمی ہوگئے جبکہ پتھراﺅ کی زد میں آکر اے ایس پی بارہمولہ زبیر احمد بھی زخمی ہوگئے۔ اس دوران انتظامیہ نے ضلع بھر کے سبھی مقامات پر کرفوی سختی سے نافذ کر دیا ہے۔ لاہور میں وکلاءنے افضل گورو کو پھانسی کے خلاف اور بھارتی جاسوس سربجیت سنگھ کو پھانسی دینے کے حق میں مظاہرہ کیا ہے۔ وکلاءنے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ بھارتی جاسوس دہشت گرد سربجیت سنگھ کو پھانسی دیکر اس کے عمل کی سزا دے اور اس کو کیفر کردار تک پہنچائے۔ وکلاءنے ہائیکورٹ بار سے جی پی او چوک تک احتجاجی ریلی نکالی اور بھارت کے خلاف شدید نعرے بازی بھی کی۔کے پی آئی کے مطابق حریت کانفرنس (گ) کے چیئرمین سید علی شاہ گیلانی نے 4 روزہ ہڑتال کی کال دے کر جمعہ کے روز سرینگر کی عیدگاہ میں افضل گورو کی غائبانہ نماز جنازہ ادا کرنے کے پروگرام کا اعلان کیا ہے۔ اے پی پی کے مطابق لندن میں بھارتی ہائی کمیشن کے سامنے مظاہرے کا انعقاد کشمیری تنظیموں کی جانب سے کیا گیا، جس کی قیادت لارڈ نذیر نے کی۔ مظاہرے میں برطانوی پارلیمنٹ کے اراکین سمیت برطانیہ میں موجود کشمیریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ مظاہرے کے شرکاءنے کشمیری رہنما افضل گورو کی پھانسی اور میت ورثاءکے حوالے نہ کرنے پر بھارتی حکومت کی مذمت کی۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ بھارتی جیلوں میں ہزاروں کشمیری پڑے ہیں ،انہیں رہا کرتے ہوئے کشمیریوں کو ان کا حق دیا جائے۔ انہوں نے کہاکہ کشمیریوں کو اس طرح پھانسی دینا اور میتیں ورثاءکے حوالے نہ کرنا بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی ہے۔ اس موقع پر برطانوی پارلیمنٹ کے اراکین اور کشمیری رہنماﺅں کی دستخط شدہ پٹیشن بھارتی ہائی کمیشن کے حوالے بھی کی گئی۔ ثناءنیوز کے مطابق بلجیم کے دارالحکومت برسلز میں بھارٹی سفارتخانے کے باہر کشمیریوں نے زبردست احتجاجی مظاہرہ کیا۔ مظاہرین نے مطالبہ کیا ہے کہ شہید مقبول بٹ اور افضل گورو کی میتوں کو کشمیر میں ان کے ورثاءکے حوالے کیا جائے تاکہ ان کی باقاعدہ آخری رسومات ادا کی جاسکیں۔

ای پیپر-دی نیشن