کراچی میں بوگس فہرستیں ختم، ازسرنو مرتب کی جائیں: مسلم لیگ ن، جماعت اسلامی
اسلام آباد (آن لائن) مسلم لیگ (ن) اور جماعت اسلامی نے مطالبہ کیا ہے کراچی میں بوگس فہرستوں کو ختم کر کے انتخابی فہرستیں ازسرنو مرتب کی جائیں، ایم کیو ایم نے الیکشن کمشن سندھ کے عملے کو یرغمال بنایا ہوا ہے، تصدیق کے عمل میں فوج کو شامل کیا جائے، کراچی کی عوام بیدار ہو چکی ہمارے مطالبات تسلیم نہ کئے گئے تو سڑکوں پر آجائینگے، الیکشن کا بائیکاٹ نہیں کرینگے، 10 جماعتوں سے مل کر گرینڈ الائنس تشکیل دیدیا ہے، مستقبل میں ایم کیو ایم کو ساتھ نہیں بٹھائیں گے۔ ان خیالات کا اظہار امیر جماعت اسلامی کراچی محمد حسین محنتی، مسلم لیگ (ن) سندھ کے سیکرٹری جنرل سلیم ضیا نے عرفان اللہ مروت، میاں اسلم سمیت دیگر کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ محمد حسین محنتی نے کہا جعلی ووٹوں کے خدشہ کے پیش نظرسب سے پہلے الیکشن کمشن گئے اور شنوائی نہ ہونے کے باعث سپریم کورٹ کا دروازہ کھٹکھٹایا اور سپریم کورٹ نے فیصلہ دیا ووٹر لسٹوں کو مرتب کرنے کےلئے فوج یا ایف سی کی خدمات حاصل کی جائیں مگر ایسا نہ ہوا جبکہ دوسری بار ووٹر لسٹیں بنائی گئیں تو تمام غیر مستقل سکونت پذیر افراد کو ایم کیو ایم کے ایماءپر نکال دیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ ہم الیکشن کمشن کو ایم کیوایم سے آزاد کرانا چاہتے ہیں اور سپریم کورٹ سے اچھی توقع رکھتے ہیں۔ مسلم لیگ (ن) سندھ کے سیکرٹری جنرل سلیم ضیا نے کہا 1986ءسے پہلے حالات پرامن تھے مگر جیسے ہی ایم کیو ایم نے اپنے قدم کراچی میں رکھے حالات خراب ہو گئے کراچی میں بدامنی کی ذمہ دار ایم کیو ایم ہے۔ انہوں نے کہا سندھ میں انتخابی عملہ ایم کیو ایم کے زیر اثر ہے۔ کراچی میں دوسرے شہروں کے رہنے والوں کے ووٹ ختم کر دئیے گئے ہیں جو بہت بڑی زیادتی ہے۔ ایک ایک گھر سے 600 سے زائد ووٹوں کا اندراج دھاندلی کی بڑی مثالیں ہیں۔ ہم صرف یہ چاہتے ہیں سپریم کورٹ کے فیصلے پر من و عن عمل درآمد کرایا جائے اور شفاف فہرستیں مرتب کی جائیں۔