حکومت ینگ ڈاکٹرز کے دباﺅ پر ایم ایس گوجرانوالہ کےخلاف کارروائی نہ کرے:ڈاکٹر تنویر
لاہور (نیوز رپورٹر) ڈاکٹر تنویر انور، صدر پی ایم اے ہاﺅس میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا پنجاب گورنمنٹ کو تنبیہ کرتے ہیں کہ وہ ینگ ڈاکٹرز کے دباﺅ پر ایم ایس گوجرانوالہ اور مقامی پی ایم اے کے خلاف کسی قسم کی کارروائی سے گریز کرے۔ ان کے ساتھ پریس کانفرنس میں ڈاکٹر احمد اظہار چودھری، ڈاکٹر کامران، ڈاکٹر عصمہ یاسین، ڈاکٹر صباحت حبیب خان، ڈاکٹر سرور چودھری، ڈاکٹر ابرار اشرف، ڈاکٹر تحسین مظہر شیخ بھی موجود تھے۔ انہوں نے کہا کہ پی ایم اے کی کمیٹی نے اپنے لاہور کے نمائندوں کے ذریعے ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن پنجاب کی قیادت سے رابطہ کیا اور کوشش کی گوجرانوالہ معاملات کو پنچایتی طریقے سے حل کرکے مزید پیچیدگیوں سے بچا جا سکے۔ ہم آج بھی معاملات کو سلجھانے کے لئے کوشاں ہیں لیکن سیاسی پارٹیوں نے اپنے مفادات کے لئے موقع سے فائدہ اٹھایا اور بدنامی پورے میڈیکل پروفیشن کی ہو رہی ہے۔