• news

سکیورٹی خدشات، بھارتی ہائی کمشنر نے شاعر گلزار کو واپس بھجوا دیا


لاہور (کلچرل رپورٹر+ نوائے وقت نیوز+ ایجنسیاں) بھارت کے معروف شاعر گلزار کو بھارتی ہائی کمشنر نے سکیورٹی وجوہات کے پیش نظر واہگہ بارڈر کے راستے بھارت واپس بھجوا دیا۔ گلزار اور دیگر بھارتی فنکار 2روز قبل ہی لاہور پہنچے تھے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارت کے معروف شاعر گلزار پاکستان آئے ہوئے تھے۔ انہوں نے کراچی میں کئی تقریبات میں شرکت کرنا تھی تاہم پاکستان میں تعینات بھارتی ہائی کمشنر نے انہیں سکیورٹی وجوہات کے باعث بھارت واپس بھجوا دیا۔ ذرائع کے مطابق گلزار کو افضل گورو کی پھانسی کے بعد سخت ردعمل سے بچنے کیلئے واپس بھیجا گیا ہے۔ افضل گورو کی پھانسی کو لے کر پاکستانی عوام میں انتقام پایا جاتا ہے۔ ذرائع کے مطابق بھارتی ہائی کمشنر کا کہنا تھا کہ پاکستان میں ان کیلئے ماحول ابھی سازگار نہیں ہے۔ گلزار اپنے آبائی گاﺅں دینہ ضلع جہلم بھی گئے تھے اور انہوں نے اپنے آبائی گاﺅں میں واقع سکول کا دورہ بھی کیا تھا وہ 2روز قبل ہی لاہور پہنچے تھے۔ ذرائع کے مطابق بھارتی ہائی کمشن نے کشمیری رہنما افضل گورو کو بھارت کی طرف سے پھانسی دئیے جانے پر پاکستان میں پائے جانے والے اشتعال کی وجہ سے ماحول سازگار نہ ہونے اور سکیورٹی وجوہات پر انہیں فوری واپسی کی ہدایت کی جس پر وہ صرف دو روز بعد بدھ کو واپس چلے گئے۔ علاوہ ازیں بھارتی ہائی کمشن نے کہا ہے کہ بھارتی شاعر گلزار ذاتی دورے پر پاکستان آئے تھے۔ گلزار کے دورے کے شیڈول سے لاعلم تھے۔ ترجمان کا کہنا ہے کہ گلزار کو ہائی کمشن نے سکیورٹی سے متعلق کوئی ہدایت نامہ نہیں دیا۔ گلزار نے گذشتہ روز لاہور سے کراچی جانا تھا جہاں انہوں نے کئی تقریبات میں شرکت کرنا تھی، وہ ایک ہفتے کے دورے پر پاکستان آئے تھے۔ بھارتی شاعر نے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ میری واپسی سے متعلق کوئی غلط پیغام نہیں جانا چاہئے، میں بہت جلد دوبارہ پاکستان آﺅں گا۔ انہوں نے بتایا کہ میں دینہ میں پیدا ہوا اور یہیں سکول جانا سیکھا۔ مجھے جتنی محبت پاکستان سے ملی ہمیشہ یاد رہے گی۔
واپسی بھجوا دیا

ای پیپر-دی نیشن