مسلم لیگ (ن) نے جھوٹے مقدمات درج کرانیکا نیا ریکارڈ بنا ڈالا : پرویز الہی
لاہور (خصوصی رپورٹر) ق لیگ کے سینئر رہنما و نائب وزیراعظم چودھری پرویز الٰہی نے کہا ہے کہ (ن) لیگ کو کسانوں، غریبوں اور عام آدمی کے مسائل سے کوئی دلچسپی نہیں، پچھلے 5 سال میں پنجاب حکومت کی جانب سے جھوٹے مقدمات کے اندراج اور انتقامی کارروائیوں کی بھرمار کے باوجود ہمارے ساتھ ثابت قدم رہنے والے مسلم لیگ (ق) کا قیمتی اثاثہ ہیں۔ وہ یہاں سٹیٹ گیسٹ ہا¶س میں سابق ایم این اے مہدی حسن بھٹی کی قیادت میں ضلع حافظ آباد کے وفد سے گفتگو کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ شہباز شریف کی وجہ سے حافظ آباد سمیت پورے پنجاب میں گیس اور بجلی کی قلت ہے، ان کی غلط پالیسیوں کی سزا عوام کو بھگتنا پڑ رہی ہے، مسلم لیگ (ن) نے جھوٹے مقدمات درج کروانے کا اپنا ہی نیا ریکارڈ قائم کر دیا ہے بالخصوص مسلم لیگ (ق) کے رہنما¶ں، عہدےداروں اور ورکروں کے خلاف دل کھول کر انتقامی کارروائیاں کی گئیں، جھوٹے مقدمات درج کئے گئے۔ انہوں نے کہا کہ مجھے خوشی ہے کہ ہمارے ساتھی کارکن ثابت قدم رہے اور آج تک ہمارے ساتھ ہیں۔ اب الیکشن کا وقت قریب ہے ا س لئے کارکنوں اور ساتھیوں کو متحرک کرنے کے لئے پارٹی نے رابطہ عوام مہم کا آغاز کر دیا۔ عوام کو بھی چاہئے کہ وہ ہمارے اور موجودہ دور میں موازنہ کریں اور پاکستان کی خوشحالی کے لئے پاکستان مسلم لیگ کے امیدواروں کو کامیاب کروائیں۔ دریں اثناءچودھری پرویز الٰہی نے کہا ہے کہ پاکستان میں کاریں تیار کرنے والے اداروں کو سستی اور معیاری گاڑیوں کی فراہمی کو ترجیح دینی چاہئے۔ وہ یہا ں سٹیٹ گیسٹ ہا¶س میں پاک سوزوکی موٹرز کے ایم ڈی ہیرو فیومی ناگا¶، اجمل شریف اور مسٹر اعجاز سے ملاقات کے دوران گفتگو کر رہے تھے۔ ایم ڈی سوزوکی موٹرز نے بتایا کہ پاکستان میں سی این جی کٹ اور سلنڈر کی درآمد پر ڈیڑھ سال سے پابندی عائد ہے جبکہ یہ دونوں چیزیں مارکیٹ میں دستیاب ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ اشیا درآمد نہ ہونے سے ہمارے 77 وینڈرز کے لئے کام کرنا ناممکن ہو چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ معیاری ہونے کے باعث ابھی تک کسی امپورٹڈ سی این جی کٹ اور سلنڈر کے باعث ملک میں کہیں بھی دھماکہ نہیں ہوا۔ نائب وزیراعظم چودھری پرویز الٰہی نے سیکرٹری انڈسٹریز شفقت نغمی کو ہدایت کی کہ وہ ایم ڈی سوزوکی موٹرز کے ساتھ میٹنگ کر کے ان کے مسائل و مشکلات کے ازالہ کے لئے اقدامات کریں۔
پرویز الٰہی