• news

الطاف کو ٹیلی فون‘ نگران حکومت کیلئے جلد اپوزیشن لیڈر کو خط لکھوں گا : وزیراعظم


اسلام آباد (نوائے وقت نیوز + ایجنسیاں) وزیراعظم راجہ پرویز اشرف نے الطاف حسین کو ٹیلی فون کیا اور ان کی خیریت دریافت کی۔ دونوں رہنما¶ں میں امن و امان، نگران حکومت اور ملکی سیاسی صورتحال پر گفتگو کی۔ وزیراعظم نے بات چیت میں کہا کہ نگران حکومت کی تشکیل کے لئے جلد اپوزیشن لیڈر کو خط لکھوں گا۔ نگران وزیراعظم کے نام کو حتمی شکل دینے کے لئے اتحادی جماعتوں سے مشاورت ہو گی۔ نگران وزیراعظم کا معاملہ اتفاق رائے سے طے کیا جائے گا۔ سب کی خواہش ہے کہ الیکشن صاف و شفاف ہوں، الیکشن کمشن مکمل غیر جانبدار، ایماندار اور دیانتدار ہو۔ اس موقع پر الطاف حسین نے کہا کہ الیکشن کمشن ایسا ہو جس پر کوئی بھی انگلی نہ اٹھا سکے، بڑھتی ہوئی آبادی کے تناسب سے پولیس نفری نہ ہونے کے برابر ہے۔ امن و امان کی صورتحال بہتر بنانے کے لئے پولیس کی نفری میں اضافہ کیا جائے۔ نجی چینل کو انٹرویو میں راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے کہ الیکشن کمشن پر بلاجواز اعتراض کیا جا رہا ہے، کچھ طاقتیں جمہوریت کو پنپتے نہیں دیکھ پا رہیں۔ پیپلز پارٹی بروقت انتخابات چاہتی ہے، جمہوری نظام کو غیر مستحکم کیے جانے والے ہر اقدام کی مخالفت کریں گے۔ پیپلز پارٹی اور (ق) لیگ میں علیحدگی کی خبریں بے بنیاد ہیں۔ نجی ٹی وی سے گفتگو میں وزیراعظم نے اس امر کا اظہار کیا کہ کسی بھی صورتحال میں جمہوریت کو ڈی ریل نہ ہونے دینگے، پیپلز پارٹی بروقت انتخابات چاہتی ہے، جمہوری نظام کو غیر مستحکم کیے جانے والے ہر اقدام کی مخالفت کرے گی۔ برطانیہ میں اپنی مہنگی جائیداد سے متعلق ایک الزام پر وزیراعظم نے کہا کہ انہوں نے تو برطانوی وزیراعظم تک سے ملاقات پرانے کپڑوں میں کی۔ وزیراعظم نے کہا کہ پیپلز پارٹی اور (ق) لیگ میں علیحدگی کی خبریں بے بنیاد ہیں، (ق) لیگ اور پی پی ایک ہی انتخابی نشان پر الیکشن لڑ سکتے ہیں اور علیحدہ بھی۔ برطانوی دارالعوام میں پاکستان کے ہائی کمشنر واجد شمس الحسن کی طرف سے برطانوی پارلیمنٹیرینز کے اعزاز میں دیئے گئے استقبالیہ سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ پاکستان امن پسند ملک ہے اور وہ بھارت سمیت تمام ہمسایہ ممالک کے ساتھ اچھے تعلقات کا خواہاں ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے بھارت کے ساتھ تعلقات میں بہتری کے لئے پیش رفت کی ہے، سرحدی پابندیاں نرم کرنے سمیت تمام متنازعہ امور کو حل کرنے کے لئے جامع مذاکرات کئے جارہے ہیں۔ افغان مسئلہ کا حوالہ دیتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ اگر افغانستان میں استحکام ہو گا تو پھر پاکستان میں بھی استحکام ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ ہم افغان مسئلہ کے حل کا حصہ ہیں اور افغانستان کے لئے مسئلہ پیدا کرنے میں ہمارا کوئی کردار نہیں۔دریں اثناءوزیراعظم راجہ پرویز اشرف برطانیہ کے پانچ روزہ سرکاری دورے کے بعد بدھ کی شب وطن واپس پہنچ گئے۔
وزیراعظم

ای پیپر-دی نیشن