• news

ڈاکٹر قدیر کی منور حسن سے ملاقات‘ مل کر الیکشن لڑنے کا اعلان


لاہور، قصور (خصوصی نامہ نگار+ نامہ نگار) جماعت اسلامی اور تحریک تحفظ پاکستان نے آئندہ انتخابات میں ملکر حصہ لینے کا اعلان کر دیا اور کہا ہے کہ دونوں جماعتوں کا منشور، مقاصد اور سوچ ایک ہے، دونوں پاکستان کو ایک مضبوط فلاحی اسلامی ریاست بنانا چاہتے ہیں، پرامن انقلاب بیلٹ پیپر کے ذریعے ہی ممکن ہے، عوام چور لٹیروں اور ڈاکوﺅں کو مسترد کر دیں، امریکی دباﺅ پر طالبان سے مذاکرات نہیں کئے جا رہے، حکومت دباﺅ مسترد کرکے طالبان کی پیشکش پر فی الفور ان سے مذاکرات شروع کرے تاکہ آئندہ انتخابات سازگار ماحول میں منعقد کئے جا سکیں۔ ڈاکٹر عبدالقدیر خان استقبالیہ تقریب میں منور حسن کے ساتھ خطاب کر رہے تھے۔ منور حسن نے کہا کہ طالبان کے امریکہ مخالف جن گروپوں نے پاکستان کو مذاکرات کی پیشکش کش کی ہے حکومت کو بلاتاخیر مذاکرات کی میز بچھانی چاہئے کیونکہ دنیا کی بڑی سے بڑی جنگیں مذاکرات کی میز پر جیتی اور ہاری جا سکتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ طالبان سے مذاکرات اس لئے بھی ضروری ہیں کہ انتخابات سر پر ہیں اور پرامن انتخابات کے لئے سازگار ماحول کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکمرانوں نے عوام کو اندھیروں میں دھکیل دیا ہے۔ ڈاکٹر عبدالقدیر خان نے جماعت اسلامی کی جانب سے استقبالیہ دینے پر شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں گڈ گورننس قائم کرکے نظام کو ٹھیک کر سکتے ہیں، اسی لئے جماعت اسلامی کے ساتھ ملکر اسے اسلامی فلاحی ریاست بنائیں گے۔ لیاقت بلوچ نے کہا کہ ڈاکٹر عبدالقدیر خان کی خدمات ناقابل فراموش ہیں۔ آئی این پی کے مطابق ڈاکٹر عبدالقدیر خان نے کہا ہے کہ حکمرانوں نے ملک کو تباہی کے سوا کچھ نہیں دیا، قوم کرپٹ حکمرانوں کو ایک منٹ کیلئے بھی برداشت کرنے کو تیار نہیں، جمہوریت اور انتخابات کی راہ میں رکاوٹ بننے والے ملک و قوم سے مخلص نہیں۔ دریں اثناء قصور سے نامہ نگار کے مطابق ڈاکٹر قدیر نے خضر حیات کی رہائش گاہ پر کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عوام ایماندار امیدواروں کو ووٹ دیکر ملک میں تبدیلی لائیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کا ایٹمی نظام محفوظ ہاتھوں میں ہے۔ ہم ملک میں تبدیلی لائیں گے۔ ہمارا ملک وسائل سے مالا مال ہے لیکن ہمارے نااہل حکمران ان سے فائدہ اٹھانے کی بجائے ان وسائل کو لوٹنے میں مصروف ہیں۔
اعلان / ڈاکٹر قدیر

ای پیپر-دی نیشن