عالمی تنظیمیں قابض بھارتی فوج کے ہاتھوں کشمیریوں کی نسل کشی بند کروائیں: وزیر اعظم آزاد کشمیر
مظفرآباد (اے پی پی) وزیر اعظم آزاد کشمیر چوہدری عبدالمجید نے انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں سے کہا کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں قابض بھارتی فوج کے ہاتھوں کشمیریوں کی نسل کشی بند کروائیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارت قابض ملک ہے۔ جس نے ریاستی دہشت گردی کے ذریعے کشمیریوں کے حقوق غصب کر رکھے ہیں اور بین الاقوامی کی خلاف ورزی کرتے ہوے کشمیریوں کی نسل کشی کا مرتکب ہو رہا ہے۔
وزیر اعظم نے کہا کہ کشمیری رہنما افضل گرو کی پھانسی انسانیت اور انصاف کا قتل ہے۔ انسانی حقوق کی عالمی تنظیمیں مقبوضہ کشمیر میں انسانیت کا قتل عام بند کروائیں۔ دنیا بھر میں آباد کشمیری رہنما کی پھانسی پر سراپا احتجاج اور عدالتی قتل پر بھارت کی مذمت کر رہے ہیں اور دنیا سے مطالبہ کر رہے ہیں کہ مقبوضہ کشمیر میں قتل و غارت بند کرائے۔ ایک نشریاتی انٹرویو میں وزیر اعظم آزاد کشمیر نے اقوام متحدہ سمیت عالمی برادری سے اپیل کی کہ وہ کشمیریوں کو بین الاقوامی طور پر تسلیم شدہ استصواب رائے کا حق دلوائے اور طاقت کے ذریعے مسئلہ کشمیر حل کرنے سے بھارت کو باز رکھے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ نیوکلیئر ایشیاءمیں امن مسئلہ کشمیر کے حل سے مشروط ہے۔ بھارتی حکومت کے جارحانہ اور وحشیانہ اقدامات نے برصغیر کے امن کو شدید خطرات سے لاحق کر دیا ہے۔ امن پسند دنیا کی ذمہ داری ہے کہ وہ نیوکلیئر ایشیاءمیں امن کے قیام کے لےے اقوام متحدہ کے چارٹر کے مطابق مسئلہ کشمیر حل کرائے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ بھارت خود اقوام متحدہ گیااور کشمیریوں کے حق کو تسلیم کیا۔ بھارتی حکمرانوں نے پبلک جلسوں میں کشمیریوں سے استصواب رائے کا وعدہ بھی کیا۔ اب بھارت ان قراردادوں پر عملدرآمد سے انحراف کر رہا ہے۔ جس نے خطے کی صورتحال کو تشویشناک بنا دیا ہے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ نیوکلیئر ایشیاءمیں مستقل امن کے لےے مسئلہ کشمیر کا حل ناگزیر ہے۔ جب تک کشمیر کا مسئلہ حل نہیں ہو جاتا۔ برصغیر میں امن کا قیام ایک خواب ہی رہے گا۔وزیر اعظم نے کہا کہ بھارت کی آٹھ لاکھ فوج کشمیریوں کی نسل کشی میں مصروف ہے۔ چھ لاکھ کشمیریوں نے حق خودارادیت کے حصول کے لےے اپنے لہو کا نذرانہ دیا۔ کشمیری شہداءکا لہو رنگ لائے گا۔ کشمیری حق خودارادیت حاصل کر کے رہیں گے۔ بھارت ریاستی دہشت گردی کے ذریعے زیادہ عرصے تک کشمیریوں کو غاصبانہ تسلط میں نہیں رکھ سکتا۔