حکومت غیر ترقیاتی اخراجات میں 50 فیصد کمی کرے: ابراہیم مغل
لاہور ( سپیشل رپورٹر) پاکستان اپنی مالی مشکلات سے مستقل چھٹکارے کےلئے آئی ایم ایف سے رابطے کی بجائے اپنا سالانہ مالیاتی تجارتی خسارہ جو 25 ارب ڈالر ہے اسے ختم کرے اور غیرترقیاتی اخراجات میں 50فیصد کمی کرے تاکہ ملک معاشی طور پر آزادی محسوس کرے۔ یہ بات ڈاکٹر ابراہیم مغل نے میڈیا سے گفتگو کے دوران کہی انہوں نے کہا کہ مالیاتی تجارتی خسارہ ختم کرنے کےلئے ہمیں اپنی برآمدات 26 ارب ڈالر سے بڑھا کر 45 ارب ڈالرکرنا ہونگی اور درآمدات 42 ارب ڈالر سے کم کرنا ہونگی برآمدات بڑھانے کےلئے ہمیں 20 ارب ڈالر کی کپاس کی مصنوعات 7 ارب ڈالر چاول و اس کی مصنوعات 3 ارب ڈالر سٹرابری و دیگر پھل 5 ارب ڈالر کی سبزیات و چمڑے کی مصنوعات برآمد کرنا ہونگی۔ ان اہداف کو حاصل کرنے کےلئے ہمیں ملک میں 2کروڑ گانٹھیں کپاس 1کروڑ ٹن چاول 40لاکھ ٹن آم 40لاکھ ٹن کنو 12لاکھ ٹن سٹرابری و 50لاکھ ٹن آلو پیدا کرنا چاہئے۔ گندم بھی ہمیں 3کروڑ ٹن پیدا کرنی چاہئے یہ تمام پیداواریں بہتر مینجمنٹ بروقت پلاننگ اور مستقل زرعی پالیسی بنا کر حاصل کی جاسکتی ہیں۔