مسئلہ کشمیر
مکرمی! کشمیر میں بھارت نے مظالم کی انتہا کر دی ہے نہ بیٹی کی عزت محفوظ ہے نہ بیٹے کی زندگی، نہ بیوی کا سہاگ سلامت ہے نہ شوہر کی جان، دن دیہاڑے کشمیری لوگوں پر ہندو مظالم کرتے ہیں۔ مکان جلا ڈالے جاتے ہیں، مسجدوں کو مسمار کیا جا رہا ہے، دن دیہاڑے کشمیری جوانوں کو اغوا کر لیا جاتا ہے پھر ان کی لاشیں کسی چوراہے سے ملتی ہیں،کبھی تو زندگی بھر کے لئے مائیں اپنے بیٹوں کے چہرے دیکھنے کیلئے ترس جاتی ہیں۔ آزادی کے رہنماﺅں کو ہر اہم موقع پر نظربند کر دیا جاتا ہے مگر بھارت کے ظلم کا یہ طوفان نہ تو دنیا کے ضمیر کو جگا سکا اور نہ ہی کشمیریوں کے جذبہ¿ آزادی کو سرد کر سکا۔ کشمیر کی جنت نظیر وادی آج لہو کی آگ میں جل رہی ہے۔ بھارت نے تمام اخلاقی اور بین الاقوامی اصولوں کو بالائے طاق رکھا ہوا ہے اور دنیا کی تمام بڑی بڑی طاقتیں اس مسئلہ پر خاموش ہیں۔ضرورت اس امر کی ہے کہ بھارت کشمیر سے فوجیں واپس بلا لے۔ سرینگر، جموں و کشمیر، مظفر آباد میں کشمیری لوگ اپنی حکومت بنائیں۔ آپس میں مل بیٹھنا ہی کشمیر کے مسئلہ کا حل ہے۔ کشمیر کے پرامن حل میں ہی پاکستان اور بھارت کی سلامتی پوشیدہ ہے۔(صائمہ صدیق، ماس کمیونی کیشن، لاہور گیریژن یونیورسٹی، لاہور کینٹ۔)