ریپڈ بس منصوبہ ۔۔۔اصلاح کی ضرورت
مکرمی! ریپڈ بس منصوبہ از گجومتہ تا شاہدرہ چوک تکمیل کے آخری مراحل میں ہے تاہم جس کا افتتاح ہو چکا ہے۔ یہاں یہ باور کروانا ضروری ہے کہ حفاظت کے پیش نظر روٹ کے دونوں اطراف آہنی جنگلہ نصب کیا گیا ہے جس کی وجہ سے اندرون شہر اور مغربی شہر یعنی موہنی روڈ، کریم پارک اور ملحقہ بیشتر آبادیوں کے لاکھوں باسی پیدل راوی روڈ عبور کرنے کے بنیادی حق سے محروم ہو گئے ہیں۔ مندرجہ بالا حالات اور سڑک کی بندش کی وجہ سے ہم اہل علاقہ جات میاں شہباز شریف صاحب سے پرزور التماس کرتے ہیں کہ وہ عوام کی سہولت کیلئے ٹکسالی چوک میں ایک اور ہیڈ برج تعمیر کرنے کے فوری احکامات جاری کریں تاکہ دونوں اطراف کے لاکھوں لوگ اس سے پیدل گزر کر راوی روڈ عبور کر سکیں۔نیز یہاں آزادی چوک میں ٹریفک کی بدحالی بوجہ برسر سڑک بس ٹرانزٹ روٹ کا ذکر کرنا بھی بیجا نہ ہوگا کیونکہ وہاں ٹریفک کی بہتری کیلئے انڈر پاس یا فلائی اوور برج از مینار پاکستان روڈ تا راوی روڈ تعمیر کرنا بھی ازحد ضروری ہے۔ (عبدالمجید میاں، مکان نمبر 188، بلاک نمبر 2، کریم پارک راوی روڈ، لاہور۔ 0300-8024204)