تحریک انصاف کے الیکشن، نظریاتی اور یونٹی گروپ میں 26 فروری کو فائنل راﺅنڈ ہوگا
لاہور(خصوصی رپورٹر) تحریک انصاف کے انٹرا پارٹی الیکشن جدیدیت کا شکار ہوگئے۔ تحریک انصاف لاہور کی یونین کونسلوں کے انتخابات کے بعد اس پارٹی کے الیکشن کمشن کی متعدد کمزوریاں سامنے آئی ہیں۔ پولنگ کے روز مختلف امیدواروں کے حامیوں کے درمیان مارکٹائی اور فائرنگ کے واقعات اپنی جگہ ہیں اور الیکشن کے نتائج بارے خاموشی اپنی جگہ اہم ہے۔ میڈیا کو الیکشن نتائج سے آگاہ کرنے کی بجائے پارٹی الیکشن میں حصہ لینے والے دو گروپوں کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا گیا جنہوں نے اپنی اپنی کامیابی کے دعوے کئے۔ اب اگلا مرحلہ 26 فروری کو مکمل ہوگا جب پارٹی کے لاہور میں تحصیل/ضلع کے الیکشن ہونا ہیں۔ دونوں گروپوں کے نظریاتی اور یونٹی کے امیدوار ابھی تک سامنے نہیں لائے گئے ہیں جس سے اندازہ ہوتا ہے کہ ایوب کے بی ڈی دور کے انتخابات کا ری پلے کرتے ہوئے ووٹروں کو خریدنے کی دونوں اطراف سے کوششیں ہو رہی ہیں۔ گزشتہ روز دونوں گروپوں کے رہنما مبارکبادیں وصول کرتے ر ہے۔ یونٹی گروپ کے اپرمال آفس میں مٹھائیاں چلتی ر ہیں، ادھر نظریاتی گروپ کے جیل روڈ آفس میں بھی ایسا ہی سماں تھا علاوہ ازیں مختلف صوبائی حلقوں میں بھی یونین کونسل کامیاب ہونے والوں کے اعزاز میں استقبالئے ہوئے۔ خود کو جیتا ہوا ظاہر کیا جا رہا ہے جبکہ دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی 26 فروری کو ہوگا جب ضلع لاہور کے عہدیداروں سمیت لاہور کے ٹاﺅنز کے عہدیداران کے الیکشن نتائج سامنے آئیں گے۔